امن فاؤنڈیشن نے اہم ترقیاتی مرحلے کی تیاری کے لئے ادارے کی تشکیلِ نو کا آغاز کر دیا

جمعہ 27 مارچ 2015 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) امن فاؤنڈیشن نے اپنی سرگرمیوں کو عالمی سطح پر پھیلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد عوامی سطح پر معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ عالمی سطح پر پھیلاؤ کی حکمت عملی میں؛ متعلقہ اداروں اور افراد کو ترقیاتی اقدامات میں شامل رکھنے کے لئے نظام وضع کرنا، اشتراکی ضابطے ترتیب دینا ، اور عطیات اکٹھے کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے مختلف بین الاقوامی طبقات تک رسائی حاصل کرنا شامل ہیں۔

اس طرح بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور پاکستان میں ترقیاتی سرگرمیوں کے حامی طبقات اور مخیر اداروں کے ساتھ روابط بڑھائے جائیں گے ۔گذشتہ چھ سال تک پاکستان میں امن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رہنے کے بعد، اب احسن جمیل کو بین الاقوامی ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں، تاکہ وہ وسیع تر سرگرمیوں کی سربراہی کر سکیں اور ادارے کے Trustees (متولّی) سے براہ راست راہنمائی حاصل کر سکیں ، جبکہ انہیں پیشہ ور کارکنان کی ایک تجربہ کار ٹیم کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی ملک احمد جلال کو امن فاؤنڈیشن کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے طور پر تعینات کیا گیاہے۔ اس ترقیاتی اقدام کا اعلان، حال ہی میں، فاؤنڈیشن کے بورڈ آف Trustees نے کیا ہے۔امن فاؤنڈیشن ایک کثیر المقاصد ادارہ ہے، جو وسیع پیمانے پر سماجی ترقیاتی کاروبار میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ امن ٹرسٹ کی مالیاتی معاونت سے چلنے والے اس ادارے نے صحت عامّہ اور تعلیم کے فروغ میں قابل قدر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے شعبے میں - "امن ایمبولینس " کے نام سے پاکستان میں، ایشیاء کا وسیع ترین اور جدید ایمبولینس نیٹ ورک تشکیل دیا گیاہے ۔ اس کے علاوہ - "امن ٹیک " AmanTech کے نام سے کراچی میں فنّی تربیت Vocational Training فراہم کرنے والا اعلیٰ معیاری ادارہ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور وسعت دینے کے لئے ، امن فاؤنڈیشن کا ارادہ ہے کہ جلد ہی ، نجی کاروباری شعبے سے ایک تجربہ کار اور کامیاب چیف ایگزیکٹیو آفیسر منتخب کیا جائے گا ، جس کی سربراہی میں مستقبل کے کاروباری اہداف حاصل کئے جا سکیں۔

فی الوقت، اس فاؤنڈیشن کی سربراہی ، بین الاقوامی شہرت یافتہ - ابراج گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک احمد جلال کریں گے۔ اس موقع پر امن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے نمائندے نے کہا کہ؛ ہمارا عزم ہے کہ امن فاؤنڈیشن کو مسلسل کامیابی اور وسعت فراہم کرنے کے لئے اہم انتظامی تبدیلیاں لائی جائیں، اور ان اقدامات سے عوامی سطح پر معیار زندگی کو بلند تر کیا جائے۔

ادارے کی انتظامیہ مثبت اور فعال حکمت عملی کے ذریعے ترقیاتی منازل حاصل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ اس حکمت عملی کے ذریعے معیار کارکردگی کے تفصیلی جائزوں میں باقائدگی آئے گی اور انتظامی عہدیداروں کے علاوہ متعلقہ اداروں کو بھی ترقیاتی اقدامات کی تکمیل میں شامل کرتے ہوئے کو کارکردگی کو نئی بلندیوں پر پہنچایا جائے گا ۔امن فاؤنڈیشن کے چیئرمین - عارف نقوی نے کہاکہ؛ ہم ملک احمد جلال کو امن فاؤنڈیشن میں خوش آمدید کہتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کے ان کی عمدہ صلاحیتوں کے باعث ادارے کو بے مثال ترقی حاصل ہو گی۔

اس وقت یہ فاؤنڈیشن ایک نئے ترقیاتی مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ ہم احسن جمیل کے بھی بے حد شکر گزار ہیں، جن کی انتھک محنت کے باعث امن فاؤنڈیشن کی بنیادی تعمیر و ترقی میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ہمیں پوری امید ہے کہ احسن جمیل اپنے نئے عہدے پر بھی امن کے برانڈ کو عالمی سطح پر روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ عارف نقوی نے مزید کہا کہ ؛ اس موقع پر میں امن فاؤنڈیشن کے عملے کے ہر رکن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، جن کی پُر جوش محنت سے عوام کی زندگی میں روز بروز مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں۔ ادارے کے حالیہ ترقیاتی اقدامات کے باعث ہمارے عملے کی انتھک کاوشوں سے دور رس اور بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔