اقوام متحدہ کو اس کے چارٹر کا سودا نہیں کرنے دیں گے،چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعہ 27 مارچ 2015 17:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) )گورنر گلگگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لیے زیر غور آنا ہی اقوام متحدہ کے چارٹر کی تذلیل ہے۔ اقوام متحدہ کے اغراض و مقاصد جمہوریت، انسانی حقوق اور بقائے باہمی ہیں جب کہ بھارت خطے میں جارحانہ عزائم کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ رہا ہے۔

بھارت کی سلامتی کونسل کے لیے نامزدگی سے اقوام متحدہ کے اغراض و مقاصد فوت ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری اندھی ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ہر قوم بھارت کے ساتھ تعلقات کو معاشی نقطہ نظر سے دیکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ جیسے انسانی حقوق کے علمبردار بھی بھارت کی جانب جھک رہے ہیں حالانکہ امریکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔

گورنر/وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس کے چارٹر کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے بڑے ممالک خصوصاً سلامتی کونسل کے ممبران ممالک پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا مقبوضہ کشمیر اور بھارت پر اطلاق ممکن بنائیں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی آواز کو سنیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر عالمی برادری اب بھی کشمیریوں کی آہ و بکا سننے سے قاصر رہی تو آئندہ نسلیں انہیں کبھی بھی معاف نہیں کریں گی۔

متعلقہ عنوان :