پورن شانگلہ میں بنک آف خیبر کی برانچ کا قیام عنقریب عمل میں لایا جارہاہے، عبدالمنیم خان

جمعہ 27 مارچ 2015 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء)ضلع شانگلہ کے علاقے پورن میں جلد ہی بنک آف خیبر کی نئی برانچ کا قیام عمل میں لایا جائے گاجس سے علاقہ کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کرنے میں بڑی مدد ملے گی ۔ اس بات کا فیصلہ پشاور میں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالمنیم خان کے مابین ملاقات کے دوران کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی ضرورتوں کے مدنظر صوبے کے دور دراز علاقوں میں ہر طرح کی جدیدبنکینگ کی سہولتیں فراہم کرنے کی خواہاں ہے اور بنک آف خیبر کی شاخ کا شانگلہ میں قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے بنک کی شاخ کے قیام کے سلسلے میں یقین دہانی پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ خزانہ سے متعلق ضلع شانگلہ کے لوگوں کو درپیش دیگر مشکلات سے بھی آگاہ کیا جس پر وزیر خزانہ نے کہا کہ شانگلہ کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔