خیبر پختونخوا میں زمینوں کی ملکیت کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کاآغاز کل ہوگا،امین گنڈاپور

جمعہ 27 مارچ 2015 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء)صوبائی وزیر مال سردار علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں زمینوں کی ملکیت کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے نظام کیلئے شر وع کئے گئے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں ضلع مردان میں زمینوں کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح ہفتے کے روز مردان میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان ذاتی طور پر خود کر رہے ہیں جبکہ پشاور میں بھی لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ جون تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے پشاور میں اراضی کی ملکیت میں پائی جانے والی ہیرا پھیری اور کرپشن کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی انٹرویو اور گفتگو کے دوران بتایا کہ ماضی میں بجا طور پر پشاور کو لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا کے کرپٹ اور ماہر فنکاروں کی حیران کن فنکاریوں اور محکمہ مال کے بد عنوان اہلکاروں باالخصوص رشوت خور پٹواریوں کی باہمی ملی بھگت سے کرپشن کا گڑھ بنا دیا گیا تھا مگر تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی محکمہ مال کے ان بد عنوان اہلکاروں کو عبرتناک سزائیں دینا شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں صوبے کے 350پٹواریوں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ 32پٹواریوں کو نوکریوں سے بھی برخاست کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں محکمہ مال میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے اور کرپشن و بد عنوانی کا مکمل تدارک کرنے میں بڑی مدد ملی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر صوبے کاریونیو بڑھانے کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تحریک انصاف نے صوبے کا اقتدار سنبھالا تو ہمارا سالانہ ریونیو صرف 11ارب 80کروڑ روپے تھا جو ہماری شبانہ روز کوششوں سے بڑھ کر سال 2013-14میں 32ارب80کروڑ روپے سالانہ ہو گیا جبکہ سال 2014-15میں یہ اضافہ اور زیادہ بڑھنے کی یقینی امید ہے ۔اسکے برعکس خیبر پختونخواکے مقابلے میں پنجاب میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے بلند بانگ دعوؤں اور بڑھکوں کے باوجود پنجاب کا سالانہ ریونیو گزشتہ سال صرف 21فیصد بڑھا جبکہ سندھ کے ریونیو میں اسی مدت میں بڑھوتری صرف 14فیصد رہی جبکہ ہمارا مذکورہ بالا ریونیو کا بڑھاوا 216فیصد کاریکارڈ اضافہ بنتا ہے۔

صوبائی وزیر مال علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر اپنے اس خواہش کو بھی دہراتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ اگر پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو پاکستان کا وزیر اعظم بنا دیا جائے تو پھر ملک کی آمدن مذید بڑھے گی اور پاکستان کو آئندہ کھبی قرضے لینے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی بلکہ ہم وطن عزیز کے قرضے اتارنے اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے قابل ہو جائیں گے جس سے یقینی طور پر پاکستان میں خوشگوار اور قابل قدر معاشی تبدیلی آئے گی ۔جسے پاکستان کے عوام خود محسو س بھی کرینگے ۔