وزیر اعظم کی صدر ممنون حسین کو سزائے موت کے منتظر قیدی صولت مرزا کی پھانسی میں 30 دن کی توسیع دینے کی ایڈوائس

صدر مملکت کی طرف سے جلد ہی اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا ‘ ذرائع وزارت داخلہ

جمعہ 27 مارچ 2015 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) وزیر اعظم محمد نوازشر یف نے صدر ممنون حسین کو سزائے موت کے منتظر قیدی صولت مرزا کی پھانسی میں 30 دن کی توسیع دینے کی ایڈوائس کر دی صولت مرز اکو یکم اپریل کو پھانسی دی جانی تھی ۔ سرکای حکام کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صدر ممنون کو ایڈوائس کی ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی 30 دن کیلئے موخر کی جائے،صولت مرزا کی پھانسی میں توسیع یکم اپریل سے شروع ہو گی۔

ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی میں دوسری بار توسیع کی جا رہی ہے۔بی بی سی کے مطابق وزیر اعظم نے یہ ایڈوائس وزارت داخلہ کی اس درخواست پر بھجوائی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ صولت مرزا کے اس ویڈیو بیان کی تحقیقات کی جانی چاہئیں جس میں اْنھوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر شاہد حامد کے قتل کی ہدایات دینے کا الزام لگایا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بیان کی تحقیقات کروانے پر متفق ہیں لہذا صولت مرزا کی پھانسی پر عمل درآمد 90 روز کیلئے روک یا جائے تاہم وزیر اعظم نے صدر مملکت کو صولت مرزا کی پھانسی 30 دن کے لیے موخر کرنے کی سفارش کی ۔

وزارت داخلہ کے اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ صدر مملکت کی طرف سے جلد ہی اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا اور صولت مرزا کی پھانسی پر عمل درآمد موخر کرنے کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا۔ابتدائی طور پر صولت مرزا کی پھانسی کی تاریخ 19 مارچ مقرر تھی تاہم پھانسی سے چند گھنٹے قبل ان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت پر سنگین الزامات لگائے تھے۔