قطر سے آنے والی قدرتی مائع گیس رواں ماہ 31 مارچ کو سسٹم میں آ جائیگی‘ گھریلو اور صنعتی صارفین مستفید ہونگے ‘بلدیاتی انتخابات 2015ء اور عام انتخابات 2018ء میں ہونگے ‘مدت پوری ہونے سے پہلے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کیا جائیگا ‘ چار ماہ کنٹینرز پر بیٹھنے سے انقلاب نہیں آتا‘ جمہوری نظام کے اندر رہ کر اور جمہوری اصولوں کے مطابق ملک چلے گا،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا انٹرویو

جمعہ 27 مارچ 2015 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قطر سے آنے والی قدرتی مائع گیس رواں ماہ 31 مارچ کو سسٹم میں آ جائیگی ‘ گھریلو اور صنعتی صارفین مستفید ہونگے ‘بلدیاتی انتخابات 2015ء اور عام انتخابات 2018ء میں ہونگے ‘مدت پوری ہونے سے پہلے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کیا جائیگا ‘ چار ماہ کنٹینرز پر بیٹھنے سے انقلاب نہیں آتا‘ جمہوری نظام کے اندر رہ کر اور جمہوری اصولوں کے مطابق ملک چلے گا۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ایل این جی ٹرمینل 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں قائم کیا گیا ہے جسے پاکستانی کمپنی نے تعمیر کیا انہوں نے بتایا کہ معمول کے مطابق اس ٹرمینل کے قیام اور کام شروع کرنے میں 3 سے 4 سال کا عرصہ لگتا ہے تاہم یہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے کہ اس نے ملک کے پہلے ٹرمینل کے قیام کو محض11 ماہ کی قلیل مد ت میں ممکن بنایاٹرمینل کی بولی کیلئے قانونی طریقہ کار کو اختیار کیا گیا وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ قطر سے آنے والی قدرتی مائع گیس رواں ماہ 31 مارچ کو سسٹم میں آ جائے گی جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین مستفید ہونگے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی کو شفاف طریقے سے درآمد کیا جا رہا ہے جس کے بعد اسے توانائی بحران کے حل سمیت مختلف ضروریات کو پورا کرنے کیلئے استعمال کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ مشرف دور حکومت میں پاکستان کو 6 ڈالر کے فکس پرائس کنٹریکٹ پر 25 سال کیلئے ایل این جی کی فراہمی کی پیشکش گئی تھی تاہم وہ اس کے حصول میں ناکام رہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سالانہ ڈیڑھ ملین ٹن سے لیکر 3 ملین ٹن تک ایل این جی درآمد کی جائے گی جو تقریباً 8 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹس کے حساب سے ہو گی اور عالمی مارکیٹ کا سب سے سستا ریٹ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کی سب سے سستی ایل این جی پاکستان پہنچے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا ایل این جی کا کنٹریکٹ بھارت سمیت تمام ممالک سے اچھا ہوگا۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے ملائیشیاء، چائنہ، الجیریا سمیت دوسرے ملکوں سے رابطہ کیا تاہم مذاکرات میں قطر سے مستقل بنیادوں پر ایل این جی کی درآمد کی امید پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی این جی والے اپنی ایل این جی لانا چاہتے ہیں تو ہم انکو ٹرانسپورٹ کرینگے اور مارکیٹ میں طریقہ کار کے مطابق بیچیں گے۔