پاکستان کسی ملک کی اندرونی سیاست میں نہ مداخلت کرتا ہے اور نہ ہی کرنا چاہتا ہے ، 23 مارچ کی پریڈ کا کامیاب انعقاد ہمارے لئے باعث فخر ہے ، پریڈ کے انعقاد میں دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ پولیس کا کرداراہم رہا ہے ، دہشتگردوں کا نہ کوئی ملک ہے نہ کوئی مذہب ، دہشتگردوں کو بلا تفریق ختم کیا جارہا ہے ، دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی کاوشوں کا پاکستان بھی حصہ ہے

وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا پولیس کالج سہالہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 27 مارچ 2015 16:24

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء ) وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی ملک کی اندرونی سیاست میں نہ مداخلت کرتا ہے اور نہ ہی کرنا چاہتا ہے ، 23 مارچ کی پریڈ کا کامیاب انعقاد ہمارے لئے باعث فخر ہے ، پریڈ کے انعقاد میں دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کا کردار بھی اہم رہا ہے ، دہشتگردوں کا نہ کوئی ملک ہے نہ کوئی مذہب ، دہشتگردوں کو بلا تفریق ختم کیا جارہا ہے ، دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی کاوشوں کا پاکستان بھی حصہ ہے ۔

وہ جمعہ کو پولیس کالج سہالہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے ، آئندہ نسلوں کو محفوظ اور پر امن ملک دینا ہے ، دہشتگردوں کا نا کوئیمذہب ہے نہ ہی کوئی ملک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے ، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کی بین الاقوامی کاوشوں کا حصہ ہے ، دہشتگردوں کو بلا تفریق ختم کیا جارہا ہے ، دہشتگرد کوئی بھی زبان بولتا ہو، خواہ وہ کسی بھی علاقے ، مذہب اور ذات کا ہو وہ صرف دہشتگرد ہے ۔

پرویز رشید نے کہا کہ ہماری پولیس فورس ڈسپلن اور ذمہ دارہے ، پولیس نے بہادری سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا ۔ پرویز رشید نے کہا کہ 23 مارچ کی پریڈ ہمارے لئے فخرہے اور اس کی کامیابی سے دوبارہ انعقادمیں دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ پولیس کا بھی اہم کردار ہے ، پاکستان کسی بھی ملک کی اندرونی سیاست میں مداخلت نہیں کرتا اور نہ ہی کرے گا ۔