پیارمحبت و یگانگت اور بھائی چارہ پنجاب کی ثقافت کا خاصہ ہے‘ پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر

جمعہ 27 مارچ 2015 16:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) پیارمحبت و یگانگت اور بھائی چارہ پنجاب کی ثقافت کا خاصہ ہے۔ صوبے کے لوگ امن کے پیامبر ہیں، امن کے قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں گے،ہم نے اپنے نونہالان کے سروں پرحفاظت اور امن کی چھت قائم کر دی ہے، صوبہ بھر میں جشن بہاراں کے سلسلے میں میلوں کاآغاز کر دیا گیا ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ ہم ضرب عضب میں اپنے فوجی بھائیوں کے شانہ بشانہ امن قائم کرنے میں ان کاساتھ دے رہے ہیں۔

اس امر کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر رانا محمد ارشد نے جیلانی پارک میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیراہتمام منعقد ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی حضرات، تاجران کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سرکاری افسران کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں صحافیوں، دانشوروں، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹریڈرز کو ان کی اعلیٰ خدمات پر ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔رانا محمد ارشد نے کہاکہ پاکستان کو امن کا گہوراہ بنادیاگیاہے۔ ہم نے اپنی سرحدوں کو محفوظ بنا دیا ہے اب کسی دشمن کی جرأت نہ ہوگی کہ وہ اپنی میلی نگاہوں سے ہماری طرف دیکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر فن فیئر اور میلوں کے ذریعے لوگوں کو خوشیاں لوٹائی جائیں گی۔اس موقع پر فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :