چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس خواجہ امتیاز احمدکی ریٹائرمنٹ بارے الوداعی تقریب کا انعقاد

جمعہ 27 مارچ 2015 16:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء ) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس خواجہ امتیاز احمدکی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں انکے اعزاز میں معزز ججز صاحبان کی طرف سے الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں نامزد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منظور احمد ملک سمیت تمام معزز ججز صاحبان ،رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر عدالتی عملے نے شرکت کی ۔

جسٹس خواجہ امتیاز احمد عدالت عالیہ کے تمام معزز ججز صاحبان سے فرداً فرداً گلے ملے اور انصاف کی بروقت فراہمی کے سلسلہ میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں تعاون پر شکریہ ادا کیا جبکہ معزز ججز صاحبان کی جانب سے جسٹس خواجہ امتیاز احمد کی خدمات کی تعریف کی گئی۔اس موقع پر چیف جسٹس خواجہ امتیاز احمد کو یادگاری شیلڈ اور گلدستہ بھی پیش کیاگیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس خواجہ امتیاز احمد 29 مارچ کو اپنے عہدے کی معیاد پور ی ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے اورلاہور ہائیکورٹ کے سینئرترین جج جسٹس منظور احمد ملک سوموار کے روز لاہور ہائیکورٹ کے43 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوگی جہاں پر قائمقام گو رنر پنجاب رانا محمد اقبال جسٹس منظور احمد ملک سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیں گے ۔