نیو اسلام آباد ایئرپورٹ 2016تک آپریشنل ہو جائے گا، سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال روک دیا گیا،یوٹیوب پر پابندی سپریم کورٹ کے حکم پر لگائی،4ماہ میں 3کروڑ افراد نے تھری جی استعمال کرنا شروع کیاجس پر پاکستان کو ایوارڈ دیا گیا

و وزرا مملکت اور پارلیمانی سیکرٹری کے قومی اسمبلی میں سوالوں کے جواب

جمعہ 27 مارچ 2015 16:02

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ 2016تک آپریشنل ہو جائے گا، سرکاری گاڑیوں کا غلط ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ 2016تک آپریشنل ہو جائے گا، سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال روک دیا گیا،یوٹیوب پر پابندی سپریم کورٹ کے حکم پر لگائی،4ماہ میں 3کروڑ افراد نے تھری جی استعمال کرنا شروع کردیا جس پر پاکستان کو ایوارڈ دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران نعیمہ کشور کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے بتایا کہ نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا 79.58فیصد کام مکمل ہو چکا ہے،آپریشنل بنانے کیلئے بقیہ کام اکتوبر 2016تک مکمل ہو جائے گا، دو رن وے بنائے گئے ہیں، ایئرپورٹ جانے والی سڑکیں این ایچ اے بنا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مونیٹائزیشن پالیسی پر عملدرآمد کے بعد سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال روک دیا گیا ہے، 5افسران کو ایک گاڑی دی گئی، خزانہ ڈویژن نے وزارتوں و ڈویژنوں کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ جنرل ڈیوٹی گاڑیوں کے ایندھن و مرمت پر آنے والے اخراجات کی ماہانہ رپورٹ لازمی طور پر پیش کریں،سرکاری افسران سرکاری ڈیوٹی کے علاوہ سرکاری پول کی گاڑیاں استعمال کرنے کے مجاز نہیں۔

(جاری ہے)

وسیم حسین کے سوال کے جواب میں وزارت ریلوے کی جانب سے بتایا گیا کہ حیدر آباد میں 1559افراد نے ریلوے کی 45.5ایکڑ زمین پر قبضہ کیا ہے، گزشتہ تین سالوں کے دوران آٹھ ایکڑ زمین واپس لی گئی ہے۔ شمس النساء کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی وجہ سے یوٹیوب پر پابندی ہے، معاملہ زیر سماعت ہے، ہمارے پاس ایسا کوئی میکانزم موجود نہیں کہ گستاخانہ مواد کو روکا جا سکے، اس حوالے سے بل انفارمیشن کمیٹی کے پاس موجود ہے، کمیٹی کی سفارشات اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر پارلیمنٹ میں پابندی ہٹانے کی تجاویز پیش کی جائیں گی۔

شازیہ مری کی جانب سے بار بار سوال پر جاوید اخلاص نے کہا کہ یہ این جی اوز کا ایجنڈا ہے جو پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک بھی ہیں جہاں یوٹیوب بند ہے، سعودی عرب میں یوٹیوب لوکلائز ہے اور مقامی قوانین لاگو ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی یوٹیوب کو لوکلائز کیا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انوشہ رحمان نے ایوان کو بتایا کہ چار ماہ میں تین کروڑ پاکستانی تھری جی سروسز استعمال کرنا شروع ہو گئے جس کی بنیاد پر بارسلونا میں ہمیں ایوارڈ سے نوازا گیا، تھائی لینڈ بھی ہماری پالیسی سے متاثر ہو کر تھری جی شروع کر رہا ہے۔

عائشہ سید کے سوال کے جواب میں بلیغ الرحمان نے بتایا کہ جون 2013نے اب تک 909رجسٹرڈ پاکستانی طالب بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے بھجوائے گئے ہیں، این ٹی ایس کے ذریعے معیار بہتر ہوا ہے اور مختلف اداروں اور ڈویژنوں نے اسے سراہا ہے۔