Live Updates

2014 کی پارلیمنٹری ٹیکس اور جنرل ٹیکس ڈائریکٹری 10 اپریل کو شائع ہوگی ، پارلیمنٹری ٹیکس ڈائریکٹری شائع نہ کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں ، حکومت نے تحریک انصاف کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے معاہدہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے کیا ، اس کی ساری شقیں آئین کے مطابق ہیں ، معیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک مرتبہ پھر دعوت دیتا ہوں کہ آئیں معیشت کی بہتری کیلئے مشاورت میں حصہ لیں ، موڈی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی مثبت ریٹنگ ڈیکلیئر کی

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 27 مارچ 2015 15:14

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء ) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ سال2014 کی پارلیمنٹری ٹیکس اور جنرل ٹیکس ڈائریکٹری 10 اپریل کو شائع ہوگی ، پارلیمنٹری ٹیکس ڈائریکٹری شائع نہ کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں ، حکومت نے تحریک انصاف کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے معاہدہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے کیا ، اس کی ساری شقیں آئین کے مطابق ہیں ، معیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک مرتبہ پھر دعوت دیتا ہوں کہ آئیں معیشت کی بہتری کیلئے مشاورت میں حصہ لیں ، موڈی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی مثبت ریٹنگ ڈیکلیئر کی۔

وہ جمعہ کو یہاں قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت کے حوالے سے اخباروں میں آیا کہ شاید حکومت نے اپنا فیصلہ تبدیل کردیا ہے ، ایسا ہرگز نہیں ہوگا ، پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری فروری کے آخر میں شائع ہونا تھی جبکہ بعض ارکان پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں ہوئے ، وزیر خزانہ نے کہا کہ پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری اور جنرل ٹیکس ڈائریکٹری اب 10 اپریل 2015ء کو شائع ہوگی ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد بارے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو متواتر آگاہ کرتے رہے ۔ حکومت نے فعال طریقے سے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت میں شامل کیے رکھا ۔ حکومتنے سیاسی جماعتوں کے مشورے کے بغیر کوئی ایکشن نہیں لیا ، تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات میں پیپلزپارٹی کے مشورے بھی شامل تھے ۔ جوڈیشل کمیشن کے معاہدے کی جزئیات ان کی مشاورت سے طیے کی گئیں جس میں ہمیں کئی ہفتے لگ گئے جبکہ ان میں آئین اسے ہٹ کر کوئی بات شامل نہیں کی گئی جبکہ حکومت اور تحریک انصاف کے اتفاق کے نتیجے میں جوڈیشل کمیشن کیلئے حتمی دستاویزات ہفتے کے روز تیار ہوجائے گی ۔

علاوہ ازیں انہوں نے وزارت خزانہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اسلامی بینکنگ کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جبکہ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں انٹرنیشنل فنانشل ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے ایریاا سے نکال کر وائٹ لسٹ میں شامل کرلیا ہے ۔ خدانخواستہ اگر پاکستان بلیک ایریا میں چلاجاتا تو بین الااقوامی بنکوں میں ہماری ایل سیز کالعدم ہو جاتیں ۔

اس کے علاوہ موڈیز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی مثبت ریٹنگ ڈیکلیئر کردی تھی ۔ پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ پاکستان کی انٹرنیشنل ریٹنگ مثبت ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر ایک سال کے دوران 28 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب ڈالر ہوگئے ہیں ۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ، ایک مرتبہ پھر دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل بیٹھ کر پاکستان کا معاشی روڈ میپ تیار کریں ۔ پاکستان میں مہنگائی کی شرح گزشتہ 13 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ضرورت کریں لیکن ملکی معیشت کو آگے لیکر چلیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات