حکومت دہشتگردی کے خاتمے اور بجلی کے پیداوار میں اضافے کے3 نکاتی پروگرام پر پوری طاقت سے عملدرآمد کرارہی ہے،کستان کے عنقریب معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کے خواب دیکھنے والوں کو سخت مایوسی ہوگی ۔ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر ،کرنسی اور سونے کے ریٹ ہماری معاشی پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہیں ، وزیر خزانہ اسحق ڈار کابلڈبینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 26 مارچ 2015 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے عنقریب معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کے خواب دیکھنے والوں کو سخت مایوسی ہوگی ، پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر ،کرنسی اور سونے کے ریٹ ہماری معاشی پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہیں۔وہ جمعرا ت کو المصطفیٰ میڈیکل سینٹر گلشن اقبال میں جدیدبلڈبینک کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر چیئر مین انویسمنٹ بورڈ پاکستان ڈاکٹر مفتا ح اسماعیل ،المصطفیٰ ویلفےئر سوسائٹی کے چیئرمین حاجی محمد حنیف طیب ،علامہ سید شاہ تراب الحق قادری ، ممتاز صنعتکار محمد حنیف لاکھانی، محمد عارف لاکھانی ،جاوید غوری،محمد عمران اقبال لاکھانی ، محمد اسماعیل ،حاجی عبدالمجیداودہی ، محمدعثمان خان نوری ،حاجی عبدالطیف نورانی،ڈاکٹر مہربان باری، پروفیسر ڈاکٹر دلاور خان نوری، ڈاکٹرعبدالرحیم،عبدالغنی سلیمان، امین گوڈیل،ڈاکٹر غلام قادر فیاض ،الحاج محمد رفیع،شبیر احمدقاضی، محمد الیاس میمن ،اقبال سلیمان ، عبد الکریم میگھانی، حاجی عبد الجبار کامدار ،پرویز یونسی، ادریس عبدالغفار،احمد رضاطیب،معین خان ،عبدالغفار سعیدی ،فرحان اشرفی ،امین آدمجی ،شیخ ڈاکٹر عثمان ،آصف اقبال ،جنید بغدادی،رضاء المصطفیٰ اور قدیر شریف بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے حکومت معاشی بہتری ،دہشت گردی کے خاتمے اور بجلی کے پیداوار میں اضافے کے تین نکاتی پروگرام پر پوری سنجیدگی اور طاقت سے عملدرآمد کرارہی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں پاکستان کی ترقی ہے یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت صرف پنجاب کو ترقی دے رہی ہے وزیر اعظم نے کراچی حیدر آباد موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اور کراچی سرکلر ریلوے کیلئے جاپان سے دوبارہ بات چیت جاری ہے انہوں نے المصطفیٰ کی سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے جسکے عوام قدم قدم پر معاشی طبی اور تعلیمی مشکلات سے دوچار ہیں حکومت انہیں سہولیات کی فراہمی کی بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔

لیکن سماجی اداروں کے تعاون کے بغیران مشکلات پر قابونہیں پایا جاسکتا ایسے حالات میں المصطفیٰ ویلفےئرسوسائٹی جیسے ادارے ہمارا قومی اثاثہ ہیں انہوں نے کہا کہ حاجی حنیف طیب سے میرا برسوں پرانا تعلق ہے المصطفیٰ انکی خدمات کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔حاجی صاحب المصطفیٰ کی صورت میں دراصل اولیا اللہ کے پیغام ِ محبت کو عام کر رہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ دین کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ انسا نی ہمددردی رواداری اور خدمت کو اپنااوڑھنا بیچھونا بنا ئے رکھا۔

پاکستان انویسمنٹ بورڈ کے چیرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی حنیف طیب سے میرے خاندانی روابط ہیں یہ میرے والد حاجی محمد اسماعیل کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہیں جنکو میں نے ہمیشہ سماجی کاموں کیلئے ایک دوسرے سے مشورہ کرتے دیکھاہے المصطفیٰ جیسا ادارہ انہی خوابوں کی تعبیرہے جس سے انسانیت فیض پارہی ہے۔

المصطفیٰ سے تعاون کرنے پر انہوں نے تاجربرادری کابھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ انکا یہ تعاون اور سرپرستی آئندہ بھی جاری رہے گی المصطفیٰ ویلفےئر سوسائٹی کے چےئرمین حاجی محمد حنیف طیب نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں حضرات اپنی دیانت شرافت اور قابلیت کے اعتبار سے لائق ِ تحسین ہیں پاکستان کے عوام بجاطور پر ان سے امید کرسکتے ہیں کہ ہماراملک جلد معاشی ترقی کی منازل طے کرے گا اور قوم لوڈشیڈنگ مہنگائی اور کرپشن جیسی تکلیفوں سے نجات حاصل کرلے گی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی خدمت میں تحائف اور پھول پیش کئے گئے المصطفیٰ کے صدر ڈاکٹرعبدالرحیم نے آخر میں شکریہ اداکیا ۔اور علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :