قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کی رپورٹ پی سی بی کو بھیج دی،رپورٹ میں نوجوان بلے باز اظہر علی کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کی تجویز بھی پیش کر دی‘ ذرائع نجی ٹی وی

جمعرات 26 مارچ 2015 22:24

قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کی رپورٹ پی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے ورلڈ کپ 2015ء میں قومی ٹیم کی کارکردگی کی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈکو بھیج دی ہے اور ساتھ ساتھ نوجوان بلے باز اظہر علی کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کی تجویز بھی پیش کر دی ۔ نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ نے اپنی رپورٹ میں احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حفیظ کے رویوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کو تجویز پیش کی کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو اپنے رویوں میں بہتری لانے کی ہدایت کی جائے۔

وقار یونس نے تجویز دی ہے کہ عمر اکمل ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلی بخش کارکردگی دکھانے تک ٹیم کا حصہ نہ بنایا جائے۔قومی ٹیم کے کوچ نے اس کے ساتھ ساتھ ایک روزہ ٹیم کی قیادت کے لیے حیران کن طور پر اظہر علی کا نام تجویز کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وقار قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں بھی ردوبدل کی درخواست کی ہے۔انہوں نے سابق عظیم بلے باز انضمام الحق، سابق وکٹ کیپر وسیم باری یا راشد لطیف میں سے کسی ایک کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپنے کی بھی تجویز پیش کی۔

بوریوالا ایکسپریس کے نام سے مشہور ماضی کے عظیم فاسٹ بالر نے کہا کہ قومی ٹیم کو پاور ہٹرز کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ پر نظر رکھنا ہوگی۔انہوں نے مزید تجویز پیش کی کہ اگر بورڈ کو قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا معیار بہتر بنانا ہے تو تمام مقامی ٹورنامنٹس میں دس سے زائد ٹیمیں شامل نہ کی جائیں۔واضح رہے کہ اظہر پاکستانی ایک روزہ ٹیم کے مستقل رکن نہیں جبکہ انہیں ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اظہر نے اپنا آخر ایک روزہ میچ 2013 میں کلکتہ کے مقام پر ہندوستان کے خلاف کھیلا تھا لیکن اس کے بعد سے وہ کسی بھی ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکے۔لیکن اظہر علی قومی ٹیسٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور اب تک 39 ٹیسٹ میچوں میں 41.31 کی اوسط سے سات سنچریوں اور 18 نصف سنچریوں کی مدد سے دو ہزار 851 رنز بنا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :