پاکستان ُپرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،ملک کو داخلی اور خارجی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا سامنا ہے ، مسلح افواج نے انتہا پسند عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ، آپریشن ضربِ عضب سے عسکریت پسندوں کی کمر توڑ دی گئی ،مادرِوطن کوناقابل تسخیر دفاع فراہم کرینگے ، کوئی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کا پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں133ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 78 ویں انجینئرنگ ، اور13ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورسزکی گریجویشن کی تقریب سے خطاب

جمعرات 26 مارچ 2015 21:03

رسالپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہاہے کہ پاکستان ُپرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،ملک کوموجودہ صورت ِ حال میں ہمیں داخلی اور خارجی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا سامنا ہے ،پاک فضائیہ نے پاکستان کی دفاعی افواج کے ساتھ مل کر تمام مشکل حالات کا سامنا کیا اور انتہا پسند عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا،مادرِوطن کوناقابل تسخیر دفاع فراہم کرینگے، آپریشن ضربِ عضب کے دوران باہمی تعاون اور قابل رشک ہم آہنگی سے عسکریت پسندوں کی کمر توڑ دی گئی ،کوئی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا،ہمارے جوانوں کی غیرمتزلزل ہمت اور جذبے نے پاک فضائیہ کو قومی دفاع میں کلیدی حیثیت دلا نے کے ساتھ ساتھ عزم و ہمت کا استعارہ بنا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں133ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،78ویں انجینئرنگ ، اور13ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورسزکی گریجویشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہو ئے ائیر چیف نے کہا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی کادور ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ہمارے پیش رو وئں کی مسلسل کاوش سے پاک فضائیہ بہترین آپریشنل حالت میں ہونے کے ساتھ ساتھ جدید سازو سامان سے بھی لیس ہے۔ لیکن صرف ہتھیار وں سے ہی کسی کی طاقت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا لہذا دنیا کی بہترین فضائیہ میں شامل ہونے کے لیے اور پیشہ وارانہ مہارت اور عزت حاصل کرنے کے لیے ، آپ کو ہر چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے بھرپور جوش و جذبے سے کام کرنا ہو گا۔

ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ُپرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاہم موجودہ صورت ِ حال میں ہمیں داخلی اور خارجی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا سامنا ہے۔ یہ بات باعثِ فخر ہے پاک فضائیہ نے پاکستان کی دفاعی افواج کے ساتھ مل کر تمام مشکل حالات کا سامنا کیا اور انتہا پسند عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا۔ بلاشبہ ہماری تینوں مسلح افواج کا کردار مختلف ہے لیکن ہمارا مشترکہ مقصد مادرِوطن کو ناقابل تسخیر دفاع فراہم کرنا ہے۔

ائیر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن ضربِ عضب کے دوران باہمی تعاون اور قابل رشک ہم آہنگی سے عسکریت پسندوں کی کمر توڑ نے میں فیصلہ کن کردار اداکیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کوئی ہمارے وطن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔ انشا اللہ ،ہمارا عزم مصمم ہے کہ ہم وطن عزیز میں امن اوراستحکام کے قیام کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں گے تاکہ اس ملک کے عوام پرسکون اور خوشحال زندگی گزار سکیں ۔

اس تقریب میں کل106زیرتربیت آفیسرز گریجویٹ ہوئیجن میں 9 خواتین بھی شامل ہیں۔مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو برانچ کا نشان اور پوزیشن ہولڈرز کوٹرافیاں دیں۔ مہمان خصوصی نے نمبر 1سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپئن سکواڈرن بننے پر قائد اعظم عَلم عطا کیا ۔133 GD (P) ویں کورس میں پائلٹ آفیسر فدا محمد خان اور 78ویں انجینئرنگ کورس میں پائلٹ آفیسرکاشف حیات نے جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کا رکردگی کی ٹرافیاں حاصل کیں۔

فلائنگ ٹریننگ او را نجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی پائلٹ آفیسرسکندر وسیم اور پائلٹ آفیسراحسن نویدنے بلترتیب حا صل کی۔13ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورس میں بہترین کا رکردگی کی ٹرافی پائلٹ آفیسر اسامہ نے حاصل کی۔ کالج آف فلائینگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیرپائلٹ آفیسر فدا محمد خان جبکہ کالج آف ایرو ناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیرپائلٹ آفیسراحسن نوید نے حاصل کی ۔

تقریب میں حسب روایت پی اے ایف اکیڈمی کے K-8طیاروں کی" شیر دل فارمیشن"نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا ۔قبل ازیں مہمان خصوصی کی آمد پر ائیر وائس مارشل عاصم ظہیر ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور نے ان کا خیر مقد م کیا۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ /کمیشن ہو نے والے کیڈٹس /زیر تربیت افسران کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :