ذیلی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی آئندہ عام انتخابات میں امیدواروں کے انتخابی اخراجات دوگنا کرنے ،انتخابی ریکارڈ میں تبدیلی یا جعل سازی پر متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے خلاف کارروائی کی سفارش، الیکشن کمیشن کے حکام سے اگلے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں بارے بریفنگ مانگ لی ،کمیٹی کا ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی چھان بین کیلئے نیا فول پروف نظام وضع کرنے پر اتفاق

جمعرات 26 مارچ 2015 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے انتخابی اخراجات دوگنا کرنے اور انتخابی ریکارڈ میں تبدیلی یا جعل سازی پر متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بریفنگ کیلئے طلب کرلیا، کمیٹی نے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی چھان بین کیلئے نیا فول پروف نظام وضع کرنے پر بھی اتفاق کرلیا۔

جمعرات کو انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنوینئر زاہد حامد کی زیرصدارت یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، کمیٹی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو انتخابی قوانین میں مجوزہ ترامیم بارے تفصیلی بریفنگ دی اور انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کے کام کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے انتخابی ریکارڈ میں تبدیلیوں اور جعل سازی پر ریٹرننگ آفیسر کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی۔

زاہد حامد نے ان کیمرہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری ریٹرننگ آفیسر کی ہو گی، کمیٹی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کیلئے انتخابی اخراجات دوگنا کرنے کی بھی سفارش کردی، کمیٹی نے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی چھان بین کا نیا طریقہ کار وضع کرنے پر بھی اتفاق کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ اجلاس میں بیرون ملک مقیم تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے بارے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دے گا۔