معاشرہ کرپشن اور بدعنوانی کے باعث بری صورتحال سے دوچار ہے ، پوری قوم کرپشن کے ناسور سے نجات چاہتی ہے ، نیب ملک کو کرپشن سے نجات دلائے گا، کرپشن کیخلاف مہم کو جہاد سمجھ کر چلائیں گے،کرپشن جیسے ناسور کوختم کرنے کیلئے احتساب کادائرہ کارملک کے کونے کونے تک بڑھایاجارہاہے ،چیئرمین نیب قمرزمان چودھری کا ملتان میں ریجنل آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2015 19:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین قمرزمان چودھری نے کہا ہے کہ معاشرہ کرپشن اور بدعنوانی کے باعث بری صورتحال سے دوچار ہے ،اس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ، پوری قوم کرپشن کے ناسور سے نجات چاہتی ہے ، قومی احتساب بیورو قائدا عظم کے اصولوں کے مطابق ملک کو کرپشن سے نجات دلائے گا، کرپشن کیخلاف مہم کو جہاد سمجھ کر چلائیں گے۔

وہ جمعرات کو یہاں بہادر پور چوک پر نیب کے ریجنل آفس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت اور ٹی ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتاجب تک اس میں کرپشن کاخاتمہ نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ جہاں ملک کوآج دہشت گردی ،فرقہ واریت ،غربت ،تعلیم وصحت جیسے مسائل کاسامناہے وہاں کرپشن بھی ملک کودیمک کی طرح ختم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملتان میں نیب کے ریجنل بیوروکے قیام سے ملتان ،ڈیرہ غازیخان اوربہاولپور ڈویژن کے عوام کرپشن کے خلاف ہم سے مددلے سکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ نیب معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنے تمام تروسائل بروئے کار لارہاہے ۔چوہدری قمرالزمان نے کہاکہ نوجوان نسل بدعنوانی کے خلاف اہم ہتھیارثابت ہوسکتی ہے اورنیب نے کریکٹربلڈنگ سوسائٹی کے نام سے مہم کاآغازکیا ہے جس میں خصوصاََنوجوانوں کو ممبربنایاجارہاہے تاکہ وہ اس ناسور کے خلاف اہم کردار اداکرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے میں کرپشن ایک ناسوربن چکاہے اس کے خاتمے کیلئے ہماراادارہ ملک کے کونے کونے تک احتساب کاعمل شروع کررہاہے اورملتان میں نیب کے بیورو کاقیام اس کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل سکھرمیں بھی نیب کے ایک نئے ریجنل بیورو کاقیام کیاجاچکاہے جواپنا کام کررہاہے ۔چیئرمین نیب نے کہاکہ انفورسمنٹ ایکشن سے قبل ہماری کوشش ہے کہ معاشرے میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیداکی جائے پھربھی جوناسور اس کو ترک نہ کرے اسے جڑسے اکھاڑکرپھینک دیا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری مہم بلدیاتی سطح پربھی شروع کی جارہی ہے ۔اورہماری بھرپور کوشش ہے کہ نیب عوام کی توقعات پرپورا اترے کیونکہ ہم بغیر کسی دباؤکے میرٹ اورشواہد کی بنیادپربدعنوانی کی تہہ تک پہنچتے ہیں ۔اس موقع پرڈائریکٹرجنرل نیب ملتان طارق محمودندیم نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیب ایک خودمختارادارہ ہے جوبغیر کسی مداخلت اوردباؤ کے کام کررہاہے ،مسئلہ کی شفاف تحقیقات اورکرپشن کاخاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

ا نہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ کرپشن کوجڑسے اکھاڑپھینک دیاجائے کیونکہ جہاں کرپشن ہوتی ہے وہاں معاشرتی ناہمواریاں پیداہوتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آگاہی مہم کریکٹربلڈنگ سوسائٹی کے تحت ملتان میں این ایف سی انجینئرنگ یونیورسٹی ،وومن یونیورسٹی ،انسٹی ٹیوٹ آف ساؤدرن پنجاب اوربہاولپورایس ای کالج میں 15سوسائیٹیاں بنائی گئی ہیں اس میں شامل ممبران نیب کے ساتھ مل کربدعنوانی کے خاتمے کے لئے اہم کردار اداکررہے ہیں۔

اس سے قبل چیئرمین چوہدری قمرالزمان نیب کے ریجنل بیوروملتان کاباقاعدہ افتتاح کیااور نیب آفس کی عمارت پرقومی پرچم کولہرایا۔بعدازاں انہوں نے ملتان آرٹس کونسل میں میں کریکٹربلڈنگ سوسائٹی کے ممبران اوردیگرعہدیداراوں سے حلف بھی لیا۔اس موقع پرڈی سی اوملتان ،پولیس آفیسران ،وکلاء ،ماہرتعلیم،ڈاکٹروں،سینئرصحافیوں سمیت دیگرمکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :