پاسپورٹ ایمنسٹی سکیم ختم ہو گئی، مزید توسیع نہیں کی جائے گی، پاسپورٹس کا کوئی بوجھ نہیں، 8سال جاری رہنے والی پاسپورٹ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ، پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورانگزیب کاصاحبزادہ طارق اورعائشہ سید کے توجہ دلاؤ نوٹس اور سوالات کا جواب

جمعرات 26 مارچ 2015 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی کو حکومت کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ پاسپورٹ ایمنسٹی سکیم گزشتہ سال ختم ہو گئی تھی، اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، ملک میں پاسپورٹس کا کوئی بیک لاگ نہیں جن لوگوں نے 8سال جاری رہنے والی پاسپورٹ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا اب ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جماعت اسلامی کے شیر اکبر ،صاحبزادہ طارق اللہ اورعائشہ سید کے توجہ دلاؤ نوٹس اور سوالات کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مریم اورانگزیب نے کہا کہ ملک کے اندر اور ملک کے باہر پاکستانی شہریوں کیلئے 2006میں پاسپورٹ ایمنسٹی سکیم شروع کی گئی تھی کہ جن شہریوں کے پاس دو پاسپورٹ ہیں وہ ایک جمع کرا کر دوسرے حاصل کر سکیں گے اور اس حوالے سے قانون کے مطابق سزا سے مستثنیٰ رہیں گے کیونکہ ملکی قانون کے تحت دوپاسپورٹ رکھنا قابل سزا جرم ہے لیکن مشین ریڈیبل پاسپورٹوں کے اجراء کے بعد شہریوں کو ایک پاسپورٹ ختم کرانے کیلئے سہولت دی گئی، اب جن لوگوں نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا، انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، ارکان کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ سکیم میں توسیع کے حوالے سے وہ ارکان کی تجویز وزیر داخلہ تک پہنچا دیں گی،حتمی فیصلہ انہوں نے کرنا ہے۔