دورہ چین کے دوران نئے معاہدوں سے پنجاب کو اربوں روپے کی بچت ہوگی‘محمد شہباز شریف

جمعرات 26 مارچ 2015 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بیجنگ میں نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرا وفد چین سے نئی امیدیں اور توقعات لے کر واپس جا ررہے ہیں، بلاشبہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کی جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران تاریخی فیصلے کئے گئے ہیں اور یہ فیصلے پاک چین دوستی کا مظہر ہیں۔

دورے کے دوران طے پانے والے نئے معاہدوں سے پنجاب کو اربوں روپے کی بچت ہوگی اور معاشی و اقتصادی سرگرمیو ں کو فروغ ملنے کے ساتھ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی حکومت اور متعلقہ محکموں نے انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں آج تک کسی حکومت نے توانائی کے حصول کیلئے اتنی مخلصانہ اور سنجیدہ جدوجہد نہیں کی جتنی وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر رکاوٹوں کے باوجود توانائی کے متعدد منصوبے 2017ء کے اختتام تک کام شروع کر دیں گے اور بجلی کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی حکومت سے مغربی چین کے علاقے سے ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور اگر اس منصوبے کو عملی شکل مل گئی تو صنعتی و تجارتی انقلاب آ ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں پاکستان کو 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کی ضرورت ہوگی جس کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ دورہ چین کا بنیادی مقصد توانائی اور دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں کے ساتھ نئے منصوبوں کے حوالے سے تیز رفتاری سے پیش رفت کرنا ہے اور اس مقصد میں بہت کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدرکے دورہ پاکستان کے حوالے سے چینی حکام اور عہدیداران میں غیرمعمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے عوام بھی اپنے مخلص دوست ملک کے صدر کے دورے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعاون کا سفر تیز رفتاری سے جاری ہے اور چین کے صدر کا دورہ اسلام آباد پاک چین تعلقات کو نئی وسعت دے گا اور چین کے صدر پاکستان میں متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے نیشنل ڈو یلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دورہ چین کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کی حکومت نے پاک چین معاہدوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ چین گیس پائپ لائن بچھانے میں بھی مدد فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران پاک چائنہ اکنامک کوریڈور جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں پر تیز رفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :