خیبرپختونخوا حکومت انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام اور قانون کی بالا دستی قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے، محمود خان

جمعرات 26 مارچ 2015 17:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) خیبر پختونخواہ کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت معاشرے سے ظلم و نا انصافی کے خاتمے اور انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام، میرٹ اور قانون کے بالا دستی قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دفتر پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفع بد عنوانی کے خاتمے ، لٹیروں اور چوروں کا احتساب کرنے کے لئے ایک با اختیار احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تبدیلی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں تاکہ تمام سرکاری ادارے عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے موثر طریقے سے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد کرپشن کے ناسور کا مکمل خاتمے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور ایسے اقدامات اٹھائے ہیں کہ جن سے صوبے میں بد عنوانی کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی گئی ہے جن سے صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کا وجود عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح شعبہ تعلیم و صحت اور پولیس میں بھی نظام کو درست کیا گیا ہے۔

محمود خان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنی مثبت پالیسیوں اور اچھی کارکردگی کی بناء پر صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کریگی۔ اس موقع پر وفد نے صوبائی وزیرکو اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکالات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا وزیر موصوف نے وفود کو یقین دلایا کہ انکے تمام جائز درپیش مسائل و مشکلات کا فوری طور پر خاتمہ کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائیگا۔ وفود نے مسائل سننے اور حل کرنے میں دلچسپی لینے پر صوبائی وزیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :