عام آدمی کی اقتدار میں شمولیت روکنے کیلئے (ن) اور پی پی بلدیاتی انتخابات نہیں کراتیں‘ چوہدری محمد سرور

جمعرات 26 مارچ 2015 17:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عام آدمی کی اقتدار میں شمولیت کو روکنے کیلئے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات نہیں کراتیں،پینتیس سال سے اقتدار میں موجود پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو عوام صرف برا بھلا کہتے ہیں لیکن عوام کی پی ٹی آئی سے جس طرح کی توقعات ہیں اگر یہ پوری نہ ہو سکیں تو ہمارے گریبان پکڑے جائیں گے،صرف ایک ماڈل نے منی لانڈرنگ نہیں کی بلکہ ایک سال میں پاکستان سے چار ارب ڈالر دبئی منتقل کئے گئے ،پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ آئندہ دو ماہ میں لاہور میں کام شروع کر دے گا ، پارٹی کو فنڈز کی ضرورت ہے جس کو پورا کرنے کیلئے تحریک انصاف میں بزنس کلب کا قیام آج جمعہ کو عمل میں لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر کوارڈی نیٹر رابعہ ضیاء، میڈیا ایڈوائزر میاں کاشف اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر فرخ حبیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ میری زندگی کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ اس ملک میں ایسا نظام لائیں جس میں عام آدمی کو بھی صحت ‘ تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتیں میسر ہوں ۔

تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مخصوص نشستوں پر صرف ایسی خواتین کو آگے لایا جائے گا جن میں ٹیلنٹ ہوگا اور کسی کے رشتہ دار کو ٹکٹ نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی انتخابی مہم پولیس اور پٹواریوں سمیت حکومت کی ساری مشینری چلاتی ہے اور بلدیاتی انتخابات سے قبل کنٹونمنٹ بورڈ کے ایریا میں بھی 12ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر شعبے کے لوگوں سے مسائل کے حل کے لئے تجاویز لے رہے ہیں ۔پی ٹی آئی نے ہوم ورک شروع کر دیا ہے انشا اللہ اقتدار میں آنے کے سو دنوں میں کام ہوتا ہوا نظر آئے گا ۔

متعلقہ عنوان :