ایپرل پارک میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو عالمی سطح کی سہولیات مہیا کریں گے‘ چوہدری محمد شفیق

جمعرات 26 مارچ 2015 16:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری چوہدری محمد شفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع بہت زیادہ ہیں، حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات اور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، ایپرل پارک میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ان کی ضرورت کے مطابق عالمی سطح کی سہولیات مہیا کریں گے۔

یہ بات انہوں نے گذشتہ روزپنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور سوئس بزنس کونسل کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ اب تک کئے گئے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے فضاسازگار ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

سوئیٹزرلینڈ کی 30کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اس ایم او یو کے بعد مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں پروان چڑھیں گی اور پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی۔ ملک ترقی کرے گا اور نئی ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کا کارنامہ ہے کہ ہم ایک طرف دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کر رہے ہیں دوسری جانب بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں لانے کیلئے بھی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

وہ دن دور نہیں جب ہم خوشحالی کی منازل طے کر لیں گے اور پاکستان میں کسی قسم کا بحران باقی نہیں رہے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جس میں زراعت، فوڈ، کیمیکل مشینری، ٹیکسٹائل، ہنڈی کرافٹ، سرجیکل اور ایگری کلچر جیسے شعبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔