پچھلے چند سالوں میں کوئی ایک غیرملکی سرمایہ کار پاکستانی مارکیٹ میں داخل نہیں ہوا ‘ او آئی سی سی آئی

جمعرات 26 مارچ 2015 13:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) غیرملکی سرمایہ کاروں کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے یہ تسلیم کیا ہے کہ پچھلے چند سالوں میں کوئی ایک غیرملکی سرمایہ کار پاکستانی مارکیٹ میں داخل نہیں ہوا ہے، اس کی وجہ کاروبار کے لیے ناسازگار ماحول، حکومتی پالیسیوں کا عدم نفاذ اور سکیورٹی خدشات ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق او آئی سی سی آئی کے صدر عاطف باجوہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان میں کاروباری ترغیبات تسلی بخش ہیں لیکن غیرملکی سرمایہ کار گریز کررہے ہیں اور صرف موجودہ سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی جانب سے آپریشنوں کو توسیع دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک نے حال ہی میں رپورٹ دی ہے کہ 61کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں کی گئی جو ملکی جی ڈی پی کے ایک فیصد کے برابر بھی نہیں تھی اور پاکستان کی صلاحیت اور ماضی کی کارکردگی سے خاصی کم تھی۔

(جاری ہے)

عاطف باجوہ نے کہا کہ حالیہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری خاصی کم رہی، اس کے باوجود او آئی سی سی آئی کے موجودہ اراکین کی پاکستان میں سالانہ سرمایہ کاری ایک ارب ڈالرز سے زیادہ ہے، جس میں 2007-08 کے بعد سے خاصی کمی آئی تھی، یاد رہے کہ یہ سرمایہ کاری اس وقت 5.5 ارب ڈالرز سالانہ تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ 196 غیرملکی سرمایہ کار 35 ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں، جو پاکستانی معیشت کے چودہ اہم شعبوں میں کام کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :