Live Updates

سندھ کارڈ استعمال کرنیوالوں نے سندھ کی عوام کو بھوک اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا، شاہ محمود قریشی،صوبے میں آئندہ بلدیاتی ،عام انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور عوامی طاقت کے ساتھ میدان میں آئیگی، وائس چیئرمین تحریک انصاف

بدھ 25 مارچ 2015 21:41

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے اندر آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور عوامی طاقت کے ساتھ میدان میں آئے گی ،سندھ کو اس کے حقوق ضرور دلائیں گے ،سندھ میں تبدیلی کی ضرورت ہے عوام تبدیلی کے سفر میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کی مشہور سیاسی اور قبائلی شخصیت سردار جونی خان اوڈھو سے ملاقات کے دوران کیا، سردار جونی خان اوڈھو نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر جہانگیر ترین ، زبیر نیازی ،سیف اللہ نیازی اور دیگر بھی موجود تھے، شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں تحریک انصاف سندھ بھر میں کلین سوئپ کرے گی ، سندھ بھر میں اپنے امیدوار کھڑے کئے جائیں گے اس سلسلے میں عمران خان جلد سندھ کا دورہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام کے ساتھ ہر دور میں ذیادتیاں ہوئی ہیں جن کا ازالہ کیا جائے گااب عوام باشعور ہوچکی ہے سندھ کارڈ استعمال کرنے والوں نے سندھ کی عوام کو بھوک اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا ، اس موقع پر سردار جونی خان اوڈھو نے کہا کہ ہمیں تحریک انصاف سے امیدیں ہیں کہ وہ سندھ کی خدمت کرے گی عمران خان کی شخصیت کو دیکھ کر تحریک انصاف میں شامل ہوا ہوں انشا اللہ تحریک انصاف کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کریں گے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف بڑی کامیابی حاصل کرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات