اٹک آئل ریفائنری کی بندش کی خبریں بے بنیاد ہیں، ریفائنری اپنی استعداد کے مطابق 43ہزار بیرل یومیہ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار دے رہی ہے ، ایک پلانٹ میں مکینیکل خرابی آئی تھی ، اسے دوبارہ فعال کردیاگیا ، دسمبر تک نئے پلانٹ کی فعالیت سے پٹرول کی پیداوار 70فیصد ، ریفائنری کی مجموعی پیداوار25فیصد تک بڑھ جائے گی، اٹک آئل ریفائنری کے چیف ایگزیکٹو عادل خٹک کا اٹک آئل ریفائنری کی بندش بارے رپورٹس پرردعمل

بدھ 25 مارچ 2015 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2015ء) اٹک آئل ریفائنری کے چیف ایگزیکٹو عادل خٹک نے کہا ہے کہ ریفائنری بند ہونے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، اٹک آئل ریفائنری اپنی استعداد کے مقابلے میں 102 یعنی 43ہزار بیرل یومیہ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار کر رہی ہے جبکہ ایک پلانٹ میں مکینیکل خرابی آئی تھی جو گزشتہ پیر کے روز دوبارہ چالو کیا تھا، دسمبر 2015تک نیا پلانٹ چالو ہونے کی صورت میں پٹرول کی پیداوار میں 70فیصد جبکہ ریفائنری کی مجموعی پیداوار25فیصد تک بڑھ جائے گی، یکم جنوری 2016تک ڈی سلفریسیشن پلانٹ چالو ہونے کی صورت میں یوروIIمعیار کا ڈیزل پیدا کریں گے۔

بدھ کو آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹک آئل ریفائنری خرابی کے باعث بند ہونے اور ملک کے شمالی حصے میں پٹرول کے متوقع بحران کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

عادل خٹک کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے اٹک آئل ریفائنری کے ایک پلانٹ میں مکینیکل خرابی آئی تھی جو فوراً ہی دور کرلی گئی اور مذکورہ پلانٹ گزشتہ پیر کے روز دوبارہ چالو ہو گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں چیف ایگزیکٹو اٹک آئل ریفائنری نے کہا کہ دسمبر میں ہمارا نیا پلانٹ چالو ہو جائے گا، جس کے نتیجے پٹرول کی پیداوار 70 فیصد تک بڑھ جائے گی اور اٹک آئل ریفائنری کی مجموعی پیداوار میں 25فیصد بڑھوتی آئے گی، ڈیزل میں سلفر کی تعداد 0.05فیصد تک لانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اٹک آئل ریفائنری کے ڈی سلفریسیشن پلانٹ تنصیب پر کام تیزی سے جاری ہے جو امید ہے کہ دسمبر 2015تک چالو ہو جائے گا جس سے نہ صرف یورو ٹو معیار کا ڈیزل پیدا ہو گا بلکہ ڈیزل کی مقدار میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :