بیرونی ملک مقیم پاکستانی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ، پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی کے امن سے منسلک ہے، حکومت توانائی بحران پرجلد قابو پالے گی ،صدر ممنون حسین کی مشرق وسطیٰ کے پاکستانیوں کے وفد سے بات چیت

بدھ 25 مارچ 2015 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بیرونی ملک مقیم پاکستانی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ، پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی کے امن سے منسلک ہے، حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور جلد ہی اس پر قابو پالیا جائے گا۔ وہ بدھ کویہاں ایوان صدر میں مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے ۔

وفد کی سربراہی چودھری نور الحسن تنویر نے کی۔ وفد کے دیگر ارکان میں ارشد انجم، آزاد علی تبسم، عبدالوحید پال اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بیرون ملک پاکستانی اپنے وطن کا مثبت تصور اجاگر کرنے میں کوششیں جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں انقلاب آجائے گا۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پورے خطے میں وسیع پیمانے پر اقتصادی ترقی شروع ہوجائے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی کے امن سے منسلک ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کا ا?پریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ پاک فوج دہشت گردوں کا تعاقب اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں ہوجاتا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور جلد ہی اس پر قابو پالیا جائے گا۔