بلدیاتی انتخابات کے تمام سطحوں کے الیکشن میں حصہ لیکر بھر پور قوت کا مظاہرہ کریں گے،سکندرشیرپاؤ،

نچلی سطح کے انتخابی عمل سے عوام بااختیار ہونگے، ملک میں جمہوریت مزید مستحکم ہو گی،صدر قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا

بدھ 25 مارچ 2015 20:13

پشاوراُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تمام سطحوں کے الیکشن میں حصہ لیکر بھر پور قوت کا مظاہرہ کرے گی کارکن تیاریاں شروع کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز وطن کور پشاور میں قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے چےئرمین اور جنرل سیکرٹریز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سیر حاصل بحث کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام سطحوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا جا ئے گا۔اجلاس میں تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ امیدوار کھڑے کئے جائیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبہ کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پرتین رکنی پارلیمانی بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے کنوینئرہر ضلع کے چیئرمین ہوں گے۔

اضلاع کی سطح پر اتحاد کا اختیارضلعی کابینہ کو دیا گیا اور کہا گیا کہ 2اپریل تک امیدواراپنی درخواستیں ضلعی چیئرمین کے ساتھ جمع کرے۔اجلاس میں پارٹی کی یونین کونسل اور وارڈ کی سطح کی تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،صوبائی انفارمیشن سیکرٹری طارق احمد خان،پشاور زون کے چیئرمین خالد خان،جنرل سیکرٹری کفایت علی ایڈوکیٹ ،ملاکنڈ زون کے چیئرمین فضل رحمان نونو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ نچلی سطح کے انتخابی عمل سے عوام بااختیار ہوں گے اور ملک میں جمہوریت مزید مستحکم ہو گی۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول سے مزید منظم اور فعال بنانے کیلئے پارٹی عہدیدار اور کارکن عوام کے ساتھ اپنے رابطے مزید مضبوط کرے تاکہ موثر انداز میں عوام کی ترجمانی کی جا سکے۔انھوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہو تا ہے اور ان ہی کی کاؤشوں اور جدوجہد کی بدولت کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کار لائے جائیں اور اس ضمن میں کسی ضلع سے امتیازی سلوک برداشت نہیں کی جائے گی۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہم کسی صورت صوبہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر فورم پر ان کے حقوق و تحفظ کیلئے آواز اٹھائیں گے ۔