انٹر ریجنل ویمن ایتھلیٹکس چمپئن شپ مردان نے جیت لی

بدھ 25 مارچ 2015 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) انٹر ریجنل ویمن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ مردان نے 65 پوائنٹس کے ساتھ اپنے نام کرلی ،پشاور نے دوسری جبکہ سوات نے تیسری پوزیشن حاصل کی ،مردان کی حسینہ 25 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن کی بہترین ایتھلیٹ قرار پائی، مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سپورٹس امجد آفریدی نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹرسپورٹس طارق محمود ، ڈائریکٹریس ویمن سپورٹس خیبرپختونخوا رشیدہ غزنوی ، ڈائریکٹریوتھ آفیئرارشد حسین ، مس گلنار، مس ستارہ ، مس نجمہ قاضی ، ایڈمنسٹریٹر سپورٹس کمپلیکس سید جعفر شاہ ، حامد خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجو د تھے ۔

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ویمن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں دو روزہ ویمن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی جس میں مردان ریجن نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے آٹھ گولڈ، پانچ براؤنز میڈلز جیت کر 65 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

پشاور ریجن نے چار سلور اور تین براؤنز میڈلز جیت کر 35 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کہ جبکہ سوات نے 26 پوائنٹس کے ساتھ تیسری ، کوہاٹ نے 16 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور بنوں نے 10 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔

گزشتہ روز4x400 ریلے میں مردان نے پہلی ، پشاور نے دوسری اور سوات نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ڈسکس تھرو میں مردان کی حسینہ نے گولڈ ، ہزارہ کی عائشہ نے سلور ، مردان کی محسنہ نے براؤنز میڈل حاصل کیا ۔ شارٹ پٹ میں میں مردان کی حسینہ نے پہلی ، سوات کی عائشہ نے دوسری اور مردان کی عائشہ قمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ہائی جمپ میں کوہاٹ کی عروج، سوات کی ماہین اورشازیہ نے بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

دوسو میٹر میں مردان کی حسینہ نے گولڈ عروسہ نے سلور اور پشاورکی صائمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ چیمپئن شپ میں بنوں ، کوہاٹ، مردان ، ہزارہ ، سوات اور پشاور ریجن کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سپورٹس امجد آفریدی نے تمام کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 20 ہزار ، رنر اپ ٹیم کو 15 ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دس ہزار روپے دیئے گئے ۔

اس سے قبل ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ویمن کے زیر اہتمام ویمن والی بال ، انٹر ریجنل ہاکی ، جوڈو اور ایتھلیٹکس کے مقابلے منعقد ہوئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امجد آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ میں اہم رول ادا کررہی ہے اور بہت جلد صوبے کے تمام اضلاع میں گراؤنڈز کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں امجد آفریدی نے کہا کہ انٹر ریجنل یوتھ گیمز میٹرک کے امتخانات کے فوراً بعد آغاز ہوگا۔ جس کیلئے تمام تیاریا مکمل کرلی گئی ہیں ۔