حکومت پنجاب مظلوم کسانوں کے مطالبات تسلیم نہ کر کے ان پر ظلم کررہی ہے جو جمہوریت کی دعویدار حکومت کو زیب نہیں دیتا،سینیٹر سعید غنی

بدھ 25 مارچ 2015 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی نے بدھ کو لاہور میں کسانوں پر ہونے والے پولیس کے وحشیانہ تشدد اور گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں پر امن کسان مظاہرین کے خلاف کارروائی کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیاہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ حکومت پنجاب مظلوم کسانوں کے مطالبات تسلیم نہ کر کے ان پر ظلم کررہی ہے جو جمہوریت کی دعویدار حکومت کو زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی معاشرے کے مختلف طبقات جن میں اساتذہ، وکلا، ڈاکٹرز،نابینا افراد اور نرسیں شامل ہیں ان پر بھی پنجاب پولیس اپنا قہر ڈھاتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متنبہ کیا کہ کسانوں کو دیوار سے لگانے کا انجام بھیانک ہو گا کڑی دھوپ، جھلساتی گرمی اور لہو جما دینے والی سردی میں یہی کسان قوم کو گندم چاول کپاس دیتا ہے لیکن اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا بدلہ کبھی نہیں لیتا ،معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کسانوں پر پولیس کاوحشیانہ تشدد احسان فراموشی ہے۔

سینیٹر سعید غنی نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں گرفتار کئے گئے کسان مظاہرین کو فی الفور رہا کیا جائے اور کسانوں پر وحشیانہ تشدد کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔