بلدیہ عظمیٰ کراچی نے گرین بیلٹ اور پارکوں میں قائم شادی لانز اور میرج ہالز کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کاآغازکردیا،

جب تک شہر کے گرین بیلٹ اور پارک مکمل طور پر خالی نہیں ہوتے یہ آپریشن جاری رہیگا،ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 25 مارچ 2015 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے گرین بیلٹ اور پارکوں میں قائم شادی لانز اور میرج ہالز کو ختم کرنے کا آپریشن بدھ سے شروع کردیا ہے جب تک شہر کے گرین بیلٹ اور پارک مکمل طور پر خالی نہیں ہوتے یہ آپریشن جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑی مہم شروع کی گئی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی پہلے ہی شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کر رہی ہے تاہم گرین بیلٹ اور پارکوں پر قبضے کو خالی کرانے کے لئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جو شہر کے تمام پارکوں اور گرین بیلٹ میں قائم غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے تک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹ اور پارکوں پر کسی بھی قسم کی تعمیرات غیرقانونی ہے خواہ وہ سرکاری دفتر ہی کیوں نہ ہو کیونکہ سپریم کورٹ کی بھی ہدایت ہے کہ پارکوں اور گرین بیلٹ کی زمین پر کسی قسم کی تعمیرات نہیں ہوسکتی ان پر جو بھی تعمیرات ہوگی وہ غیرقانونی ہے اور غیرقانونی تعمیرات کو ختم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے میرج لان یا ہال بک کراتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ غیرقانونی جگہ پر تو واقع نہیں ہے غیرقانونی جگہوں پر تعمیر کئے گئے میرج لان یا شادی ہال میں بکنگ نہ کرائیں کیونکہ ان کے ٹوٹنے سے شہریوں کو پریشانی ہوگی اس لئے شہری اس معاملے میں احتیاط کریں اور گرین بیلٹ یا کسی پارک میں تعمیر کئے گئے میرج لان یا شادی ہالوں میں بکنگ نہ کرائیں، غیرقانونی طور پر تعمیر کئے گئے میرج لان اور شادی ہالز کے خاتمے کے لئے شہریوں کا تعاون درکار ہے اگر شہری غیرقانونی یا پارکوں اور گرین بیلٹ پر تعمیر شدہ میرج لان اور شادی ہالوں میں بکنگ کرانا بند کردیں تو یہ کاروبار ازخود ختم ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :