کوہاٹ ، سابق فوجی افسر کے گھر ڈکیتی کی کوشش ناکام ،ایک ڈاکو اسلحہ سمیت گرفتار ،2 فرار ہونے میں کامیاب

بدھ 25 مارچ 2015 17:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء ) کوہاٹ خدر خیل میں سابق فوجی افسر کے گھر ڈکیتی کی ناکام کوشش کے دوران ایک ڈاکو کو ڈرامائی انداز میں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیاجبکہ ڈکیت گروہ کے دو ارکان لوٹا ہوا مال کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پولیس کاروائی کی خود نگرانی کرتے رہے۔

پولیس تھانہ لاچی میں درج ایف آئی آر کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقہ خدر خیل میں فوج کے سابق صوبیدار میجر سید رحیم کے گھر گزشتہ شب تین ڈاکو ؤں نے گھس کر اسلحہ کی نوک پر اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور گھر کے کمروں سے دو بکسوں میں بند سامان اورگھر کے سربراہ سے موبائل فون لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ اس دوران اہلخانہ کے شور مچانے پر محلہ کے لوگ جمع ہوگئے اور ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو ڈاکوؤں کا ایک ساتھی خالد حسین ولد حاجی علی محمد سکنہ ڈیرہ غاذی خان فرار ہونے کی ناکام کوشش کے دوران دیوار پھلانگتے ہوئے نیچے گر کر پیر ٹوٹنے سے بے ہوش ہوا جسے فوری طور پر موقع پر پہنچنے والی مقامی پولیس نے30 بور پستول اور گولیوں سمیت حراست میں لیکر تھانہ لاچی اور بعد ازاں کے ڈی اے منتقل کرکے ہسپتال داخل کرا دیاتاہم پولیس کی آمد کو محسوس کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے دیگر دو ارکان گھر سے لوٹا ہوا دو بکسوں میں بند سامان کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف بھی پولیس کوئیک ریسپانس فورس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پولیس کی آپریشنل کاروائی کو خود مانیٹر کرتے رہے جبکہ تفتیشی ٹیم کوجائے وقوعہ کی باریک بینی سے معائنہ کرنے اورملزمان تک رسائی حاصل کرنے میں معاون ثابت ہونے والے تمام شواہد اکٹھا کرکے فرار ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ۔پولیس تھانہ لاچی میں واقعہ کا مقدمہ درج کر کے گرفتار ڈاکو کے انکشافات پر اسکے دیگر دو ساتھیوں کی تلاش میں مختلف مقامات پرچھاپہ مار کاروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :