صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے اطمینان بخش حل کے لئے قابل عمل حل تلاش کرنے کے لئے کو شاں ہے

صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کا پرائیویٹ سیکرٹریز کے اجلا س سے خطاب

بدھ 25 مارچ 2015 17:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء )خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے اطمینان بخش حل کے لئے قابل عمل حل تلاش کرنے کے لئے کو شاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں پرائیویٹ سیکرٹریز کے مسائل کے حل کیلئے بلائے گئے ایک اجلا س کے دوران کیا ۔

اجلاس میں خزانہ ، قانون اور اسٹبلشمنٹ کے محکموں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ پرائیویٹ سیکرٹریز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس کو پرائیویٹ سیکرٹریوں کی ترقی کے راہ میں حائل رکاوٹوں سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر پرائیویٹ سیکرٹریز نے انکی ترقی کے لئے مواقع پیدا کرنے اور بہتر حالات کار کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پرائیویٹ سیکرٹریوں کے مسائل سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اُنکی ترقی کے لئے مواقع پیدا کرنے کے لئے قابل عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

اُنہوں نے کہاکہ لوگوں کے مسائل دور کرنے کے لئے قابل عمل حل تلاش موجودہ صوبائی حکومت کا مطمع نظرہے ۔ وزیر موصوف نے یقین دلایا کہ حکومت اپنی استطاعت کے اندر پرائیویٹ سیکرٹریز کے مسائل کے حل کے لئے تمام ممکن اقدامات کریگی ۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں سمری جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر خزانہ نے جلد ہی اجلاس بلاکر پرائیویٹ سیکرٹریز کو درپیش مسائل کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا۔