تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پورے صوبہ خیبر پختونخوا سے کلین سویپ کرے گی، صوبے کے عوام پی ٹی آئی سے بے پناہ محنت کرتے ہیں جس کا ثبوت سینٹ کے حالیہ انتخابات میں تمام سیاسی قوتیں دیکھ چکی ہیں

صوبائی وزیر مال سردار علی امین گنڈاپور کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 مارچ 2015 17:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء ) صوبائی وزیر مال سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پورے صوبہ خیبر پختونخوا سے کلین سویپ کرے گی کیونکہ صوبے کے عوام پی ٹی آئی سے بے پناہ محنت کرتے ہیں جس کا ثبوت سینٹ کے حالیہ انتخابات میں تمام سیاسی قوتیں دیکھ چکی ہیں۔ انہو ں نے پشاور میں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں صوبے کے تمام علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکن بھر پور حصہ لیں گے اس سلسلے میں تمام تنظیمی عہدیداروں کو عمران خان کی ویژن اور ایجنڈے کی روشنی میں ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ تمام کارکنوں نے صوبے کے کونے کونے میں عوامی رابطے بڑھا دئیے ہیں اور الیکشن میں بھرپور حصہ لینے اور ہر سطح کے انتخابات بھاری اکثریت سے جیتنے کے لئے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے تاکہ بلدیاتی اداروں کے الیکشن جیت کر عوامی خدمت کی ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اس موقع پر مزید بتایا کہ اُنہوں نے گذشتہ ہفتے ڈیرہ اسماعیل خان کا ذاتی طور پر تفصیلی تنظیمی دورہ کیا اور وہاں پر عوامی جوش و خروش دیکھ کرنہ صرف حیران رہ گیا بلکہ اُنہوں نے اس قابل دید عوامی جوش وجذبے سے متاثر ہو کر اپنے تمام ذمہ داروں اور پی ٹی آئی کے تنظیمی عہدیداروں سمیت کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیرہ کی پسماندہ عوام اور ماضی کے نام نہاد سیاسی رہنماؤں کی طرف سے نظر انداز کئے گئے لوگوں کے جذبات کی قدر کریں اور اُن کی گذشتہ محرومیوں کے خاتمے کے لئے دن رات محنت کریں ۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پختہ عزم اور تہیہ کیا ہوا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو پورے فنڈز بروقت فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں خود کفیل ہوں اور عوام کے مسائل کے خاتمے کے لئے موئثر اور ٹھوس اقدامات کر سکیں تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم کئے جا سکیں۔