صادق آباد، بھونگ میں زمین کے تنازعہ پر تصادم ،ایک شخص زخمی

بدھ 25 مارچ 2015 17:22

صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) صادق آبادکے علاقے بھونگ میں زمین کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم ،ایک شخص زخمی‘ حالات کشیدہ ہو نے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو بھونگ شہر میں واقع امام بارگاہ کی جگہ تنگ پڑ گئی تھی جس پر لائسنس ہولڈر امام بارگاہ پیر سید حسن شاہ ‘ سیٹھ رحیم بخش‘ نورمحمد ‘ ڈاکٹر بشیر ‘ غازی فقیر اور دیگر اہلیان علاقہ سردار رئیس وزیر احمد کے پاس آئے اور ان سے درخواست کی کہ امام بارگاہ کو شہر سے باہر کھلی جگہ شفٹ کیا جائے جس پر سردار رئیس وزیر احمد نے ایک ایکڑ اراضی مشروط طور پر وقف کی کہ اگر ڈی سی او نے امام بارگاہ شہر سے باہر شفٹ کرنے کی اجازت دی تو یہ جگہ امام بارگاہ کو دی جائے گی مگر ڈی سی او رحیم یارخان نے اجازت نہیں دی جس پر لائسنس ہولڈر پیر سید حسن شاہ نے امام بارگاہ کو پرانی جگہ پر قائم رکھنے کے فیصلہ سے آگاہ کرتے ہوئے نئی جگہ سردار رئیس وزیر احمد کو واپس کردی جس پر گذشتہ روز فقہ جعفریہ کے ایک دوسرے گروپ نے قبضہ کی کوشش کی جس پر دونوں گروپوں میں تصادم ہوگیا ڈنڈوں لاٹھیوں کا آزادنہ استعمال ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ پانچ کو معمولی چوٹیں آئیں واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سید علی رضا کی قیادت میں سرکل بھر کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو کنٹرول کیا‘ آخری اطلاعات تک ڈی پی او سہیل ظفر نے دونوں فریقین کو کل جمعرات کے روز طلب کرلیا ہے۔