حکومت فوری طور پر نیشنل ہائی وے کی حالت زار بہتر بنائے،نیشنل ہائی وے موت کا گڑھ بن چکی ہے،رانا فیض الحسن

بدھ 25 مارچ 2015 16:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)یونائیٹڈ ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل رانا فیض الحسن نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر نیشنل ہائی وے کی حالت زار بہتر بنائے،نیشنل ہائی وے موت کا گڑھ بن چکی ہے،ہر ماہ خونی حادثات میں درجنوں جانیں ضائع ہورہی ہیں،ٹھری میرواہ میں ٹرک اور بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاری بیان کرتے ہوئے رانا فیض الحسن کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے پولیس ناکام ہوچکی ہے جبکہ نیشنل ہائی وے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے عوام کیلئے موت کا کنواں بن گئی ہے۔

تین ماہ قبل بس اور ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجے میں 59افراد ہلاک ہوئے تھے ابھی ان کے لواحقین کے آنسوبھی نہ سوکھے تھے کہ ایک مسافر وین اور ٹرک میں تصادم ہوگیا۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے پر ٹرکوں کے اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے بیشتر حادثات ہوتے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے روڈ کی دیکھ بھال میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں،اوورلوڈنگ کے باعث روڈ جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتا ہے۔

جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس نے ضرورت سے زیادہ وزن لینے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے مگر اس کے برعکس ٹرانسپورٹرز اپنی من مرضی سے ضرورت سے زیادہ لوڈنگ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے روڈ جلد بیٹھ جاتا ہے۔اور خاص کرگرمی کے موسم میں روڈ بہت جلد گہرے گڑھے بن جاتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نیشنل ہائی وے سندھ کے روڈوں کو مرمت کی جائے تا کہ مزید حادثوں کا سد باب کیا جاسکے۔