حلقہ کے پی82 میں 10کروڑروپے کی لاگت کے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے،ڈاکٹر امجدعلی

بدھ 25 مارچ 2015 16:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حلقہ کے پی۔82 سوات میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کی جان ومال اور قیمتی زرعی زمینوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت حفاظتی پشتوں کی تعمیر کے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں سے دس کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ان منصوبوں کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے 10کروڑ روپے کی مزید گرانٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کی یونین کونسلوں شموزئی، بریکوٹ، کوزہ بخیل اور دیگر سیلابی علاقوں میں حفاظتی پشتوں کے منصوبوں کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معززین علاقہ، تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران اور سرکاری افسران بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے زیر تعمیر سکیموں کے تعمیر ی کام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان سکیموں کوبہتر معیار کے ساتھ بروقت مکمل کریں تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے تمام علاقوں کے مسلسل دورے کریں گے اور عوامی فنڈز کے بے جا استعمال میں ملوث لوگوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے علاقے کے لوگوں کی ایک دیرینہ ضرورت تھی کیونکہ گزشتہ ادوار میں آنے والے سیلابی پانی کے باعث عوام کو بہت زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا تاہم موجودہ حکومت نے قیمتی زرعی اراضی کے تحفظ اور دیگر نقصانات سے بچنے کیلئے ممکنہ حد تک عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور یہ تحریک انصاف کی حکومت کاترقی کی جانب انقلابی قدم ہے۔

معاون خصوصی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ عوامی خدمت کے عزم کے تحت میدان سیاست میں آئے ہیں اور اپنے حلقہ کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کیلئے تمام تر توانائیان صرف کریں گے۔