شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران کا اہم اجلاس،

کراچی سمیت صوبے بھر میں جاری ’صاف و سرسبزسندھ ، پرامن سندھ‘ مہم بارے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی

منگل 24 مارچ 2015 23:03

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی سمیت صوبے بھر میں جاری ”صاف و سرسبزسندھ ، پرامن سندھ“ مہم کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب سومرو سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے سے تجاوزات کے خاتمے اور بالخصوص شہر میں چلنے والے ایسے تمام شادی ہالز جو بغیر این او سی یا ٹیکس کے چل رہے ہیں انہیں فوری طور پر سیل کرنے کی ہدایات دی اور تمام دسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں سات روز کے اندر اندر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں ایسے تمام شادی ہالز کو سیل کرکے اس کی رپورٹ جمع کرانے کے احکامات دئیے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے صوبائی وزیر کو شہر میں چلنے والے ایسے تمام شادی ہالز کی مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کی جو یا تو بغیر اجازت نامے کے چل رہے ہیں یا پھر وہ شادی ہالز ٹیکس ادا نہیں کررہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں موجود تمام افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں غیر قانونی، گرین بیلٹ یا رفاہی و فلاہی زمینوں پر قائم شادی ہالز سمیت ایسے تمام شادی ہالز جو بغیر این او سی کے یا پھر این او سی ہونے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کررہے ہیں انہیں فوری طور پر سیل کردیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرزکو سختی سے ہدایات دیں کہ وہ اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں قائم تجاوزات اور اس طرح کے شادی ہالز کو فوری سیل کرکے اس کی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر اندر ان کے پاس جمع کروائیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں صفائی، شجر کاری اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے 23 فروری سے شروع کی جانے والی مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور مین سڑکوں کے ساتھ ساتھ گلی اور محلوں کی سطح پر بھی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کو اب برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :