کراچی میں امن کی بحالی سندھ وپاکستان سمیت پوری قوم کی ضرورت ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ،

مافیا کے ذریعے سیاست ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی سازش ہے، سلسلہ اب بند ، سیاسی عمل کو جرائم سے پاک ہونا چاہئے، امیر جماعت اسلامی سندھ

منگل 24 مارچ 2015 22:57

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کی بحالی سندھ وپاکستان سمیت پوری قوم کی ضرورت ہے۔مافیا کے ذریعے سیاست ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی سازش ہے، یہ سلسلہ اب بند اورسیاسی عمل کو جرائم سے پاک ہونا چاہئے۔جماعت اسلامی کی اہل اور دیانتدار قیادت ہی کراچی میں امن اور مظلوم عوام کے دکھوں کا مداواکرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جماعت اسلامی اگلے ماہ سے اسلامی پاکستان ۔۔خوشحال پاکستان نعرے کے تحت کراچی سمیت پورے صوبہ میں لاکھوں عوام سے رابطہ عوام مہم کے ذریعے سینیٹر سراج الحق کا تکمیل پاکستان کا ایجنڈہ اورجماعت کی دعوت وپیغام سے آگاہ کرے گی،تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد اورایک اسلامی ،جمہوری اورفلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج قباء آڈیٹوریم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سندھ بھر سے ضلعی امراء وذمہ داران موجود تھے۔

اجلاس میں رواں سال کی سہ ماہی کارکردگی کاجائزہ،بلدیاتی انتخابات،رابطہ عوام مہم اور سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت ودیگر امور پر غور کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی نائب امراء محمد حسین محنتی،پروفیسر نظام الدین میمن،عبدالغفار عمر،قیم ممتازحسین سہتو،نائب قیمن ودیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ ظلم وسیاست اکٹھا نہیں چل سکتے۔حق باطل کی جنگ میں خیر کی قوتوں کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔مظلوموں کا اتحاد ہی ظالموں کے راستے کی رکاوٹ بن سکتا ۔