خاران پرامن ضلع ہے ،دہشت گرد نشانہ بنا کر یہاں بھی امن برباد کرنے کے درپے ہیں کبھی اجازت نہیں دیں گے ، میر عبدالکریم نوشیروانی

منگل 24 مارچ 2015 22:53

کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء ) مسلم لیگ (ق) کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ خاران ایک پرامن ضلع ہے لیکن دہشت گرد اسے نشانہ بنا کر یہاں بھی امن کو برباد کرنے کے درپے ہیں جس کی ہم انہیں کبھی بھی اجازت نہیں دیں گے خاران کے عوام دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھیں۔ یہ بات اُنہوں نے یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہی۔

رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ آج خاران بازار میں بم کو ناکارہ بنایا گیا جس سے بہت تباہی پھیل سکتی تھی کئی قیمتی جانیں ضائع ہوتیں لیکن الله تعالیٰ نے خاران کے عوام پر کرم کیا اور دہشت گردوں کے یہ مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھیں کیونکہ خاران ایک پرامن ضلع ہے جس کے باسی پاکستان سے محبت کرنے والے ہیں اور محب وطن ہیں۔

(جاری ہے)

اُن کی تاریخ پاکستان کیلئے قربانیوں سے بھری پڑی ہیں اُنہوں نے کہا کہ پولیس نے خاران میں گذشتہ دنوں دہشت گردوں کی ایک گاڑی پکڑی تھی جس کے ردعمل میں دہشت گرد کارروائی کرنا چاہتے ہیں اور خاران کے عوام کو ٹارگٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور انتظامیہ، پولیس اور لیویز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُمید کرتا ہوں کہ وہ الرٹ رہیں گے اور خاران میں قیام امن کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بلا خوف بروئے کار لائیں اُنہوں نے کہا کہ خاران میں افغان مہاجرین کی ایک بڑی تعداد بس رہی ہے جسے ہم نے اخلاقی اور اسلامی طور پریہاں رہنے کی اجازت دی ہے جو کہ یہاں زمینداری کرتے ہیں اور کاروبار میں بھی شریک ہیں۔

میری اُن سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنی صفوں میں ایسے لوگوں کو ہرگز گھسنے کی اجازت نہ دیں جو کہ دہشت گردوں سے ملے ہوں کیونکہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا نہ وہ کسی کا بھائی ہوتا ہے اور نہ رشتہ دار لہٰذا ایسے عناصر پر بھی نظر رکھیں جو اُن کے علاقے میں امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :