بلوچستان کے معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا شہید اسلم بلوچ کا عزم تھا، آغا حسن بلوچ

منگل 24 مارچ 2015 21:59

کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء ) بلوچستان کے معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا شہید اسلم بلوچ کا عزم تھا جنہوں نے اس حوالے سے اپنے جان کا نذرانہ دیا بلوچستان میں چالیس لاکھ افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری ، خانہ شماری تسلیم نہیں کیا جائے گا ساڑھے پانچ لاکھ خاندانوں کو جاری کئے گئے جعلی شناختی کارڈز منسوخ کرتے ہوئے ان کے ناموں کا انتخابی فہرستوں سے اخراج یقینی بنایا جائے مقامی اخبارات کو نظر انداز کرنا کسی بھی صورت میں قابل قبول عمل نہیں ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے بروری کلی کھیازئی آبادمیں شہید اسلم بلوچ کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی ریفرنس سے پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے سربراہ آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ ، پارٹی ضلع کوئٹہ کے قائمقام صدر یونس بلوچ ، ضلعی جنرل سیکرٹری غلام نبی مری ، ملک محی الدین لہڑی ، محمد لقمان کاکڑ ، اسد سفیر شاہوانی، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ، جان محمد مینگل ، میر عبدالحئی کھیازئی ، ثناء اللہ کھیازئی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بسم اللہ بلوچ نے سر انجام دیئے تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ سکندر نے حاصل کی شہید کی تصویر سے صدارت کرائی گئی جبکہ مہمان خاص آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ تھے اس موقع پر پارٹی کے دیگر سماجی رہنماء سردار اکرم کھیازئی ، ٹکری محمد یعقوب کھیازئی ، ٹکری منیر احمد بنگلزئی ، ماسٹر حلیم بنگلزئی بھی موجود تھے مقررین نے شہید اسلم بلوچ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے کراچی کے بلوچ علاقوں میں منشیات کے بڑھتے ناسور کے خلاف جو جدوجہد کی اسی پاداش میں انہیں شہید کیا گیا اور انہوں نے جام شہادت نوش کیا بلوچستان میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جا رہے تاکہ بلوچ نوجوان منشیات کی لعنت کا شکار ہو سکیں ہر دور میں یہ محسوس بھی کیا گیا کہ بلوچوں کے خلاف گہری سازش کی جاتی رہی کہ نوجوان علم و آگاہی و منشیات سے پاک صاف معاشرے کے قیام کے بجائے انہیں ذہنی طور پر مفلوج کر کے بلوچ وطن کے وسائل لوٹے جائیں بلوچ قوم اپنے ہی وطن میں پسماندگی بدحالی ، محرومیوں ، ناانصافیوں کا سامنا کرے ہمیں شہید کے فکر و فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ان کی شہادت ہمارے لئے مشعل راہ ہے جنہوں نے بلوچ قوم کو یہ پیغام دیا کہ منشیات کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں حکمران فوری طور پر منشیات کے اڈوں کے خاتمے کو یقینی بنائیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ رشوت کے بجائے منشیات کے اڈوں کا قلع قمع کریں ۔

متعلقہ عنوان :