پی ایم ڈی سی نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پشاورکو صوبے کے ڈینٹل اور میڈیکل ڈاکٹرز کو سی ایم ای اور سی ڈی ای سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی

منگل 24 مارچ 2015 21:09

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی) نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ(پی جی ایم آئی)پشاورکو صوبے کے ڈینٹل اور میڈیکل ڈاکٹرز کو سی ایم ای اور سی ڈی ای سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی ۔ یہ اجازت پی ایم ڈی سی نے پی جی ایم آئی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے صوبے کے ڈاکٹروں کو پی ایم ڈی سی کے فیصلے کے مطابق ریفریشر کورسز کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی نے حال ہی میں ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹرز کی پی ایم ڈی سی کے ساتھ رجسٹریشن کی تجدید کے لئے سی ایم ای اور سی ڈی ای کریڈٹ آورزکی شرط عائد کی ہے جس کے بغیر کسی بھی ڈاکٹر کی پی ایم ڈی سی کے ساتھ رجسٹریشن کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پی جی ایم آئی کوسی ایم ای اور سی ڈی ای کا حالیہ سٹیٹس دینے سے قبل صوبے میں یہ اختیار صرف خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) کو دیاگیاتھا جبکہ اب پی ایم ڈی سی کے ایک حالیہ نوٹیفیکیشن کے تحت پی جی ایم آئی پشاورکو بھی صوبے کے میڈیکل اورڈینٹل ڈاکٹرز کو مطلوبہ کریڈٹ آورز کے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

دریں اثناء ڈین پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور نے پی ایم ڈی سی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پی جی ایم آئی پر پی ایم ڈی سی کے بھرپور اعتماد کامظہر قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی صوبے میں اعلیٰ طبی تعلیم کے فروغ کے لئے جواقدامات اٹھارہی ہے وہ قابل تعریف ہیں ا ور ا س سلسلے کومزید بہتر بنانے کے لیئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی کوسی ایم ای اور سی ڈی ای ایوارڈنگ ادارے کا درجہ دینے سے نہ صرف صوبے کے ڈاکٹرز کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید رجحانات کے مطابق پروان چڑھانے کے مواقع ملیں گے بلکہ اس سے پی جی ایم آئی کی کارکردگی اورمعیار میں بھی اضافہ ہوگا۔