یوم پاکستان رسہ کشی مقابلے القاسم کلب نے جیت لیا

منگل 24 مارچ 2015 21:08

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر رسہ کشی کے مقابلے اختتام پذیر، القاسم کلب نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔ فائنل میں شائنگ سٹار کلب کو 2-1 سے شکست ، مہمان خصوصی پی اے مہمند وقار علی خان نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ اے پی اے ساجد نواز ، صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل تاج محمد ، شریف مہمند سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا رسہ کشی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے سلسلے میں رسہ کشی کے مقابلے مہمند ایجنسی سپورٹس فیسٹول میں منعقد ہوئے جس میں ایجنسی کے 16 بہترین ٹیموں نے حصہ لیا ۔ فائنل میں القاسم کلب یکہ غند اور شائنگ سٹار کلب کے مابین مقابلہ ہوا جس میں القاسم کلب نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی اس طرح تیسری پوزیشن کیلئے غلنئی کلب نے مہمند رائفل کو 2-0 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

(جاری ہے)

ان مقابلوں کو دیکھنے کیلئے مہمند سپورٹس سٹیڈیم میں ہزاروں کی تعداد میں تماشائی موجود تھے جنہوں نے ان مقابلوں کو بھرپور سراہتے ہوئے اس فیسٹول کا بہترین گیم قرار دیا ۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری و ایسوسی ایٹ سیکرٹری صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن تاج محمد خان نے کہا کہ صوبائی رسہ کشی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ رسہ کشی مقابلے یوم پاکستان کے پرمسرت دن کے مناسبت سے منعقد کی گئی جس سے قبل گرلز انٹر کالج رسہ کشی مقابلے بھی منعقد ہوئے جبکہ دوسرے مرحلے میں مہمند ایجنسی اور تیسرے مرحلے میں انٹر میڈیا رسہ کشی مقابلے منعقد ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی ایسوسی ایشن نے گزشتہ دو سالوں سے فنڈز نہ ہونے کے باوجود اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور ریکارڈز مقابلوں کا انعقاد کیاگیا جس میں انٹر کلب ، انٹر ڈسٹرکٹ، گرلز انٹر کالجز ، بوائز انٹر کالجز ، انٹر سکولز سمیت مختلف مقابلے منعقد کرائے اورانشاء الله یہ سلسلہ آگے بھی اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سپورٹس امجد آفریدی سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد صوبائی ایسوسی ایشن کو کھیلوں کا سالانہ فنڈ مہیا کرے تاکہ ایسوسی ایشن اپنے کلینڈر کے مطابق مزید ٹورنامنٹس کا انعقاد کیاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :