Live Updates

میرپور ضمنی الیکشن میں فیصلہ کن معرکہ کا آغاز آج ہوگا،

پاکستان تحریک انصاف کا سونامی آج میر پور میں وفاق اور آزاد کشمیر حکومت سے ٹکرائے گا، عمران خان پارٹی رہنماوں اور ہزاروں کارکنان کے ہمراہ میرپور پہنچیں گے، ضمنی الیکشن میں کشمیری عوام کے ساتھ شو آف پاور کرینگے

منگل 24 مارچ 2015 21:08

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے کپتان عمران خان کا سونامی آج 25 مارچ کو میر پور میں وفاق اور آزاد کشمیر حکومت سے ٹکرائے گا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی عمران خان کے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے انتخابی جلسے کو بے حیائی قرار دے رہے ہیں۔فیصلہ کن معرکہ کا آغاز ہوگا، عمران خان، سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران اور ہزاروں کارکنان کے ہمراہ میرپور پہنچیں گے،جگہ جگہ استقبالی بینرز،جھنڈے اور پورٹریٹ آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

وزیراعظم چوہدری مجید نے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے عوام میں رابطہ مہم تیز کردی ہے۔ آج 25 مارچ سے میرپور کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی جلسوں کی فیصلہ کن مہم کا آغاز ہوگا جس میں عمران خان میر پور کے ضمنی الیکشن میں کشمیری عوام کے ساتھ شو آف پاور کرینگے۔

(جاری ہے)

میر پور کے ضمنی الیکشن میں عمران خان کا مقابلہ ایک طرف آزاد کشمیر مسلم لیگ ن جس کی قیادت مسلم لیگ ن کے سربراہ وزیراعظم نواز شریف کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف آزاد کشمیر حکومت جس کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید ہیں دوبڑی سیاسی جماعتوں سے ہے۔

پی ٹی آئی آزادکشمیر کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آن لائن سے گفتگو کر تے ہو ے کہاکہ آزاد کشمیر کے 10 اضلاع، تین یونیورسٹیوں اورسینکڑوں کالجز کے علاوہ سکول کے طلبا اور طالبات اور نوجوان عمران خان کا تاریخ ساز استقبال کرینگے۔انہوں نے کہاکہ یہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا انتہائی اہم اور بڑا جلسہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ وفاقی حکومت اس جلسے کو ناکام بنانے کے لئے میر پور کے ضمنی الیکشن ایل اے تین کے عوام کو گمراہ کررہی ہے تاہم عوام نے میرے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرونگا اور یہ عمران خان کو تحفے میں دونگا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ عمران خان ہر صورت آزاد کشمیر کا دورہ کرینگے۔حکومت آزاد کشمیر کے کہنے پر ہائی کورٹ میں منظور نظر افراد نے رٹ دائر کی ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔الیکشن شیڈول جاری ہوچکا ہے اور صرف ایک ہفتہ باقی ہے۔اس مرحلے پر حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے شکست کے خوف کے پیش نظر الیکشن کو ملتوی کرنے کے لئے رٹ دائر کروائی گئی۔

ان تمام تر سازشوں کے باوجود تاریخ فتح کے ساتھ جیتوں گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ سونامی آزاد کشمیر میں ناکام ہوگا،سونامی اور انقلاب کے نام پر بے حیائی کے کلچر کو میرپور کے عوام مسترد کردینگے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح عمران خان کو وفاق میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے دھرنے ناکام ہوئے اسی طرح میر پور کے ضمنی الیکشن میں بھی عمران خان ناکام ہونگے اور یہاں سے پی پی پی کا امیدوار جیتے گا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ تیس سالوں میں بیرسٹر نے میرپور کے عوام کا استحصال کیا ہے اب صرف ڈیڑھ سال کے لئے میر پور کے عوام چوہدری اشرف کو منتخب کریں۔ان کی محرومیوں کا پیپلزپارٹی ازالہ کریگی۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ بیرسٹر سلطان اور چوہدری مجید دونوں کو شکست ہوگی اور مسلم لیگ ن کا امیدوار جیتے گا۔میر پور کے عوام کے حقوق کی واحد جماعت ہے جو ان کے حقوق کا تحفظ کریگی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری مجید نے میرپور کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی کا جھوٹا وعدہ کیا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سوئی گیس کی فراہمی کی اجازت وفاقی حکومت نے دینا ہے۔متاثرین منگلا ڈیم ابھی تک بے یارومددگار ہیں اوربیرسٹر اوروزیراعظم چوہدری مجید جھوٹے وعدے کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ25 مارچ کا پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام ہوگا۔ عوام29 مارچ کو شیر پر مہر لگائیں گے اور نواز شریف کو کامیاب بنائیں گے۔یہی کشمیریوں کے حقوق کی ضامن جماعت ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات