سی این جی شعبہ پرظلم برداشت نہیں کیا جائیگا، لاکھوں افراد بیروزگار، سینکڑوں مالکان فاقوں پر اتر آئے ہیں، کیپٹن (ر) شجاع انور

منگل 24 مارچ 2015 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین کیپٹن (ر) شجاع انور نے کہا ہے کہ سی این جی شعبہ سے ظلم کیا جا رہا ہے جو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائیگا۔موسم بہتر ہونے کے باوجود پنجاب کے سی این جی سٹیشن بند پڑے ہیں جس سے لاکھوں افراد بے روزگار اور سینکڑوں مالکان شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔

دس نومبر سے پنجاب کے سی این جی سٹیشنز کی مسلسل بندش قانون، زمینی حقائق، مالکان اور عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بندش سے تیل کی کھپت بڑھ رہی ہے جس سے مقامی کرنسی پر دباؤ میں اضافہ جبکہ قیمتی زرمبادلہ ضائع ہو رہا ہے۔قدرتی گیس پر مکمل انحصار رکھنے والے اس شعبہ کا قیمتوں اور ٹیکس کا نظام خامیوں سے بھرا ہوا ہے جسے درست کر کے سی این جی سٹیشن نہ کھولے گئے توٹرانسپورٹروں سے مل کر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کیپٹن شجاع نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سی این جی شعبہ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری دانستہ ڈبوئی جا رہی ہے۔پنجاب میں سی این جی چار ماہ سے زیادہ سے سے مکمل بند جبکہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ہمارا کاروبار تباہ ہو چکا ہے مگر ارباب اختیار کے کان پر جون تک نہیں رینگتی۔ ہم تمام مسائل کے حل ہونے اور تمام سی این جی سٹیشن کھلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے حتمی لائحہ عمل طے کرنے کیلئے 26 مارچ کو اسلام آباد میں ہنگا می اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈر شرکت کرینگے۔

متعلقہ عنوان :