گورنر گلگت بلتستان نے ہنزہ کیلئے 2گھنٹے اضافی بجلی فراہم کرنے کا حکم دیدیا

منگل 24 مارچ 2015 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ہنزہ کی مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ہنزہ شہر اور اس کے مضافات کو تھرمل یونٹ سے روزانہ 2گھنٹے اضافی بجلی فراہم کی جائے اور ضلع کے تمام سکولوں اور ہسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ احکامات انہوں نے ہنزہ کے سرکاری دورہ پر صادر کیے۔ گورنر نے گذشتہ روز ہنزہ شہر کا دورہ کیا اور مقامی انتظامیہ کے علاوہ عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ مقامی افراد نے گورنر سے توانائی بحران اور شدید لوڈشیڈنگ کی شکایات کیں جس پر انہوں نے مقامی انتظامیہ کو لوڈشیڈنگ سے متعلق احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر نے کہا کہ گلگت بلتستان سے مسائل کے خاتمے کو انہوں نے اپنا نصب العین بنالیا ہے اور وہ وفاق میں گلگت بلتستان کے عوام کی وکالت کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کا مطالبہ کریں گے۔

یاد رہے کہ موسم سرما میں نالوں میں پانی کی قلت کے باعث ہنزہ میں شدید بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ مقامی انتظامیہ تھرمل یونٹ سے بجلی فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے جس کی وجہ سے تھرمل بجلی محض 5گھنٹے کیلئے ہی دستیاب ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :