ہر گزرتے دن کیساتھ شہر کی صورت حال بہتر ہورہی ہے ‘کراچی آپریشن کا کریڈٹ (ن)لیگ کی حکومت کو جاتا ہے ‘ وزیر اعظم

منگل 24 مارچ 2015 17:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے ‘ ہر گزرتے دن کے ساتھ شہر کی صورت حال بہتر ہورہی ہے ‘ یوم پاکستان پریڈ کا کامیاب انعقاد امن کیلئے حکومتی کوششوں کا عکاس ہے ‘ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے ‘ توانائی بحران حکومت کوورثے میں ملا ہے،،محددو وسائل کے باوجود بحران کے حل کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں ‘ خنجراب سے گوادر تک چین کے تعاون سے ایک شاہراہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ‘ گوادر کو ایک بین الاقوامی بندرگاہ اور عالمی شہر بنایا جائیگا ‘ کسی بھی سطح پر اور کسی بھی محکمہ میں بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ‘ بدعنوانی میں ملوث کسی بھی شخص سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا منگل کو وزیر اعظم سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور گجرات سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء نے ملاقات کی جس میں ملک کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاوزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر مملکت برائے کیڈ عثمان ابراہیم، وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، ارکان قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک، میاں طارق محمود، رانا عمر نذیر خان، اظہر قیوم نہرا، جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ، میاں شاہد حسین بھٹی، نوابزادہ مظہر علی، چوہدری جعفر اقبال، ناصر اقبال بوسال، چوہدری ارمغان سبحانی، رانا شمیم احمد خان، سید افتخار الحسن، زاہد حامد، میاں محمد رشید، دانیال عزیز، کیپٹن (ر) محمد صفدر اور وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمرانہ ادوار میں پاکستان میں دہشت گردی پروان چڑھی تاہم اب جمہوری حکومت اس لعنت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے ‘ کراچی کی صورتحال دن بدن بہتر ہو رہی ہے، حالات کی بہتری کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے جس نے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے قبل حکومت نے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کے حل کیلئے تمام کوششیں کیں، نتائج کا صبر سے انتظار کیا تاہم جب ہماری تمام کوششیں ناکام ہوئیں تو ہم نے آپریشن شروع کیا جس کے باعث دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا گیا اور ان کی پناہ گاہوں کو تباہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی ختم کرنا ہو گی، اس سلسلہ میں تمام سیاسی جماعتوں نے 20 نکاتی ایجنڈا پر اتفاق کیا جس پر نیشنل ایکشن پلان کے طور عمل درآمد ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پریڈ کا کامیاب انعقاد امن کیلئے حکومتی کوششوں کا عکاس ہے۔ سیالکوٹ کے حالیہ دورہ کے پس منظر میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سیالکوٹ سے لاہور تک چار لین کی ایکسپریس وے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے شہروں کے درمیان سفری دورانیہ کم ہو کر 50 منٹ رہ جائیگا انہوں نے کہا کہ لوگوں کو قریب تر لانے کیلئے ملک بھر میں موٹرویز تعمیر کئے جا رہے ہیں جس سے کاروبار اور مزید روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس سال گندم کی شاندار فصل پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کے زیادہ سے زیادہ فوائد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہم زرعی اجناس کی ان پٹ درآمد کم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو اپنے سخت کام کا جائز حصہ ملنا چاہئے۔ انہوں نے کاشتکاروں کے خصوصی حالات کے مطابق مختلف شعبوں میں زرعی سبسڈیز کے معاملہ کے جائزہ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جو اضافی گندم اور چاول کی پیداوار شمسی ذرائع سے پانی کے مسئلہ کے حل اور سولر ٹیوب ویلز کے سلسلہ میں تجاویز دے گی۔

کمیٹی انجینئر خرم دستگیر خان، سکندر بوسن، ناصر اقبال بوسال، دانیال عزیز، اے ای ڈی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر پر مشتمل ہوگی جس کے سربراہ زاہد حامد ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم خنجراب سے گوادر تک چین کے تعاون سے ایک شاہراہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، گوادر کو ایک بین الاقوامی بندرگاہ اور عالمی شہر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو توانائی کا مسئلہ ورثہ میں ملا تاہم اپنے محدود وسائل کے باوجود ہم اس مسئلہ کے حل کی جانب جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قلت پوری کرنے کیلئے پاکستان میں پی ایس ڈی پی فنڈنگ کے ذریعہ ایل این جی پاور پلانٹس قائم کئے جا رہے ہیں جس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، اس کے علاوہ چین سے بجلی کی درآمد کیلئے بھی بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متعدد ہائیڈرو پاور، ونڈ اور سولر پراجیکٹس بھی زیر تعمیر ہیں جن سے 2017ء کے آخر تک قومی گرڈ میں مجموعی طور پر 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی شامل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر اور کسی بھی محکمہ میں بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور بدعنوانی میں ملوث کسی بھی شخص سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔ملاقات کے دور ان ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو بتایا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکار برادری کو ریلیف فراہم ہوا ہے، افراط زر میں کمی بالخصوص ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا عوام نے خیرمقدم کیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں اور بالخصوص زراعت اور ترقی سے متعلق معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ منتخب نمائندوں کے علاقوں کا دورہ کریں گے اور مزید ترقیاتی پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام کراچی میں دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری جرأت مندانہ آپریشن کی بڑی تعریف کر رہے ہیں جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے گفتگو کے دور ان کہا کہ کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔