امریکی اور پاکستانی حکام کا سلامتی اور معیشت کے حوالہ سے مشترکہ مفادات کے لئے طویل المعیاد تعاون پر مبنی شراکت جاری رکھنے کے عزم

منگل 24 مارچ 2015 14:07

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء)امریکی اور پاکستانی حکام نے سلامتی اور معیشت کے حوالہ سے مشترکہ مفادات کے لئے طویل المعیاد تعاون پر مبنی شراکت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ باہمی شراکت پر تیزی سے پیشرفت کی ضرورت ہے جبکہ پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بزنس اپرچیونٹیز کانفرنس امریکی وزیر تجارت پینی پرزکر اور ڈیڑھ سو کے قریب امریکی مندوبین کی شرکت قابل تعریف ہے ‘امید ہے بھارت جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے تعلقات میں بہتری کی پاکستانی خواہش پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گاامریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی اور امریکہ کے انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ فارمنیجمنٹ پیٹرک ایف کینیڈی نے خطاب کیاپاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن امریکی محکمہ دفاع ‘ خزانہ ‘ یو ایس ایڈ ‘ کانگرسی معاونین ‘ مختلف تھینک ٹینکس کے ارکان سمیت متعدد سینیئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر جلیل عباسی جیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے سٹریٹجک ڈائلاگ کا باقاعدگی سے انعقاد ‘ متعدد شعبوں میں باہمی تعاون اور وزیراعظم محمد نواز شریف کا 2013ء میں امریکہ کا دورہ باہمی تعاون کی مضبوطی کے عکاس ہیں۔ دونوں ممالک میں علاقائی سلامتی و سٹریٹجک استحکام سے علاقائی و بین الاقوامی امور پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے منصوبوں بشمول داسو ڈیم کی تعمیر میں امریکی تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں حال ہی میں ہونے والی بزنس اپرچیونٹیز کانفرنس امریکی وزیر تجارت پینی پرزکر اور ڈیڑھ سو کے قریب امریکی مندوبین کی شرکت قابل تعریف ہے۔ یہ کانفرنس بین الاقوامی برادری کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی مظہر تھی۔

انہوں نے کہا کہ شدت پسند شمالی وزیرستان اور ملک کے دیگر حصوں میں سیکیورٹی اداروں کی موثر کارروائیوں کے باعث مایوسی میں پشاور کے آرمی پبلک سکول اور لاہور میں گرجا گھروں پر حملوں جیسی کارروائیاں کررہے ہیں تاہم پاکستان اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن ‘ سلامتی اور استحکام کے فروغ ‘ دہشت گردی سے نمٹنے ‘ آزادی اور جمہوریت کے فروغ ‘ اقتصادی ترقی و خوشحالی کے لئے سرمایہ کاری اور خطے میں پرتشدد انتہا پسندی کو روکنے سمیت کئی شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے مفادات مشترک ہیں علاقائی سطح پر پاکستان پرامن تعلقات کے فروغ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس حوالہ سے اس نے اپنے پڑوسی ممالک افغانستان اور بھارت سے رابطے کئے ہیں ‘ امید ہے کہ بھارت جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے تعلقات میں بہتری کی پاکستانی خواہش پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں پیٹرک ایف کینیڈی نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری کو سراہا اور اس مقصد کے لئے کام کرنے والے پاکستانی اور امریکی حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اسلام آباد میں حالیہ سٹریٹجک ڈائلاگ کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اس بیان کا حوالہ بھی دیا کہ پاک امریکہ تعلقات صرف دونوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کی حد تک محدو دنہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان عوام کی سطح پر تعلقات کا فروغ بھی ان کے دائرہ کار میں آتا ہے۔

انہوں نے بزنس اپرچیونٹیز کانفرنس میں امریکی مندوبین کی شرکت کو بھی سراہا اور اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور ان کی تیم کے کردار کی تعریف کی اس موقع پر انہوں نے امریکی ریاست میری لینڈ کے گورنر کا یوم پاکستان کی تقریب کے حوالے سے پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔