حر یت رہنما میر واعظ کی پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملا قات

منگل 24 مارچ 2015 13:17

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ” ع “ گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں کشمیر کی سیاسی صورت حال ، پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات اور ا سکے معمزات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا بھارتی میڈیا کے مطابق خصوصی عشائیہ پر جاری دو گھنٹے تک جاری طویل ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر نے حریت چیئرمین کو بھارت اور اور پاکستان کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور دیگر متنازعہ مسائل کے حل کے لئے کلیدی نوعیت کا معاملہ سمجھتی ہے اور حکومت پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر اس مسئلہ کے ضمن میں کوئی بھی مذاکراتی عمل نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک منصفانہ اور پائیدار حل کو پاکستان کی قومی پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کے حل کے حوالے سے کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کی شریفانہ حقیقت اور قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کے حوالے سے پاکسان کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حریت چیئرمین کو یقین دلایا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے آبرومندانہ حل کو اس پورے خطے کے امن و استحکام اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کے لئے لازمی تصور کرتا ہے اس موقع پر میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کل جماعتی حریت کا تعلق دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتی ہے اور سمھجتی ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے ایک سازگار اور دوستانہ ماحول کی موجودگی بے حد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کسی بھی مذاکراتی عمل کو صرف اسی وقت نتیجہ خیز اور سود مند بنایا جا سکتا ہے جب اس عمل میں کشمیریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔