پاکستان اور قطر کا توانائی، دفاع اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق،پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بہت کم ہے ،ا س میں مزید اضافہ کرنا ہوگا،صدر ممنون حسین کی امیر قطر شیخ تمیم الثانی سے ملاقات میں گفتگو، ایوان صدر پہنچنے پر صد امیر قطرکا پرتپاک استقبال ، صدر مملکت ممنون نے شیخ تمیم بن حماد الثانی کی دورہ قطر کی دعوت قبول کرلی

پیر 23 مارچ 2015 20:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) پاکستان اور قطر نے توانائی، دفاع اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کرلیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں مزید اضافہ کرنا ہوگا۔ پیر کو صدر مملکت ممنون حسین سے ایوان صدر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

ا س دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ،توانائی، دفاع اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کرلیا ۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم صلاحیت سے بہت کم ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر امیر قطر نے کہا کہ انکا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں قربت کی علامت ہے۔

مضبوط اور مستحکم پاکستان ہماری خواہش ہے اور اس مقصد کے لیے تعاون جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ماہرین اور کارکنوں کے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے افغانستان کے حالات میں بہتری کے لیے صدر مملکت نے قطر کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ افغانستان میں انتخابات کے بعد پاک افغان تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے نہ صرف پاکستان ترقی کرے گا بلکہ اس کے ثمرات سے پورا خطہ استفادہ کرے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ امیر قطر نے کہا کہ ان کے ملک کے سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ صدر مملکت نے فیفا ورلڈکپ 2022 کی میزبانی ملنے پر قطر کے امیر کو مبارکباد بھی دی۔ ون ا?ن ون ملاقات کے بعد پاکستان اور قطر کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور دیگر مذاکرات میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں نے توانائی، دفاع اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران امیر قطر نے صدر مملکت ممنون حسین کو دورہ قطر کی دعوت دی جو صدر مملکت نے قبول کرلی۔ اس سے پہلے امیر قطر جب ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت ممنون حسین نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔