طالبان نے ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تردید کر دی

پیر 23 مارچ 2015 19:46

طالبان نے ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تردید کر دی

ُُپشاور/لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خیبر ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تردید کردی۔پیر کوغیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائی کے دوران ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی خبریں مکمل جھوٹ اور بے بنیاد ہیں ۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھاکہ فضائی کاروائی میں صرف تین جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کو خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں 20 شدت پسند ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے ۔زمینی افواج اور گن شپ ہیلی کاپٹرز نے خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اس دوران شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے ۔واضح رہے کہ ملا فضل اللہ کو 2013 میں حکیم اللہ محسود کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ چنا گیا تھا جس نے نے 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں اسکول کے 132 بچوں سمیت 148 افراد شہید ہوگئے تھے۔