کولیشن سپورٹ فنڈ کی آمد کے سبب کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے میں نمایاں کمی

اتوار 22 مارچ 2015 16:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء)کولیشن سپورٹ فنڈ کی آمد کے سبب کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں کرنٹ اکاوٴنٹ خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چونتیس اعشاریہ بیس فیصد تک کم رہا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے کی مالیت ایک ارب اکسٹھ کروڑچالیس لاکھ ڈالر رہی مالیت کے لحاظ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں کرنٹ اکاوٴنٹ خسارہ تراسی کروڑ نوے لاکھ ڈالر کم رہا گزشتہ سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے کی مالیت دوارب پنتالیس کروڑ تیس لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے میں نمایاں کمی فروری کے مہینے میں عمل میں آئی جب کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے سے نکل کر ستاسی کروڑ سترلاکھ ڈالر سرپلس رہا جنوری کے مہینے میں کرنٹ اکاوٴنٹ کو سات کروڑ چالیس لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔